پاکستان سپر لیگ 9 کی افتتاحی تقریب آج ہوگی جبکہ رات 8بجے نشر کیا جانے والا پہلا میچ اسلام آباد یونائٹیڈ اور لاہور قلندرز کے مابین کھیلا جائے گا۔
تفصیلات کے مطابق پاکستان سپر لیگ کے 9ویں سیزن کا میلہ آج سے سجایا جائے گا۔ پہلا میچ دفاعی چیمپیئن لاہور اور اسلام آباد کے مابین قذافی اسٹیڈیم میں ہوگا جسے آج رات 8 بجے براہِ راست دیکھا جاسکے گا۔
پہلے پی ایس ایل میچ سے قبل رنگا رنگ افتتاحی تقریب سے سپر لیگ کا آغاز ہوگا۔ ملک کے معروف فنکار علی ظفر، عارف لوہار، آئمہ بیگ اور نوری اپنی آواز کا جادو جگائیں گے، تقریب میں آتش بازی اور لیزر شو بھی ہوگا۔
افتتاحی تقریب کا وقت شام ساڑھے 6 بجے رکھا گیا ہے جو قذافی اسٹیڈیم لاہور میں ہوگی۔ شائقینِ کرکٹ اسٹیڈیم میں سہ پہر ساڑھے 3بجے سے داخل ہوسکیں گے۔ افتتاحی تقریب سے قبل دنیا بھر کے کھلاڑی پی ایس ایل کی ٹیمز میں شامل ہوگئے۔
پی ایس ایل 9 میں شامل تمام ٹیموں کی کرکٹ کیلئے تیاریاں مکمل ہیں۔ رواں برس پی ایس ایل 9 کے 17فروری سے شروع ہونے والے 34ٹی 20 میچز پر مشتمل ایونٹ کا فائنل 18مارچ کو کراچی میں ہوگا۔ افتتاحی تقریب کی تیاریاں مکمل کر لی گئیں۔