کراچی: ایچ بی ایل پی ایس ایل 2021ء کا ترانہ گزشتہ روز جاری کیا گیا جس کے بعد سوشل میڈیا صارفین کے دلچسپ تبصرے آج بھی جاری ہیں۔
تفصیلات کے مطابق پی ایس ایل 6 کا ترانہ گروو میرا سوشل میڈیا صارفین کے تبصروں کی زد پر ہے جس کو اب تک 24 لاکھ سے زائد صارفین دیکھ چکے ہیں۔ ترانے کی ابتدا نصیبو لال کرتی ہیں جس میں آئمہ بیگ اور ینگ اسٹنرز بعد ازاں ری مکس کا تڑکا لگاتے نظر آتے ہیں۔
یو ٹیوب پر جاری کردہ ترانے پر تبصرہ کرتے ہوئے سوشل میڈیا صارف محمد احمد خان نے کہا کہ افسوس کی بات یہ ہے کہ پی ایس ایل میں تماشائی براہِ راست میچز نہیں دیکھ سکیں گے جس کا اظہار گانے کے بول کر رہے ہیں اور ہمیں پی ایس ایل کے تمام میچز اب ٹی وی پر ہی دیکھنے کو ملیں گے۔
سوشل میڈیا صارف سارہ نوال نے کہا کہ اس بات پر ہنسی آئے گی کہ پی ایس ایل 6 کا یہ ترانہ سعودی عرب میں ٹرینڈنگ نمبر 9 بنا ہوا ہے۔ سارہ نوال کے کمنٹ میں ترانے پر گلوکاروں کی تعریف یا تنقید نہیں کی گئی۔
وی لاگز بائے بلال کے نام سے کمنٹ کرنے والے سوشل میڈیا صارف نے کہا میں نے اونچی آواز میں پی ایس ایل 6 کا ترانہ اپنے گھر میں لگا دیا تھا۔ اس کے بعد سے میں بے گھر ہوگیا ہوں۔
دور بینی کے نام سے سوشل میڈیا صارف نے کمنٹ کرتے ہوئے کہا کہ تصور کیجئے کہ عاطف اسلم پی ایس ایل 7 کیلئے ترانہ گا رہے ہوں گے۔ کتنا اچھا لگے گا؟
بعض سوشل میڈیا صارفین نصیبو لعل کے خلاف نظر آئے۔ جواد صدیقی نے کہا کہ یہ تصور بھی کرکے دیکھیں کہ عاطف اسلم اور آئمہ بیگ پی ایس ایل کا ترانہ گائیں اور ینگ اسٹنرز اس میں تڑکا لگائیں۔
دوسری جانب سوشل میڈیا صارفین کی ایک قابلِ قدر تعداد پی ایس ایل 6 کے ترانے پر مثبت تاثرات کا اظہار کرتی ہوئی نظر آئی۔طیب جاوید کا کہنا تھا کہ اگر آپ پی ایس ایل کا ترانہ سنتے رہیں تو آپ آہستہ آہستہ اسے پسند کرنا شروع کردیتے ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: پی ایس ایل 6 کے آفیشل ترانے پر سوشل میڈیا پر میمز کا سیلاب اُمڈ آیا