ملتان: پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) فائیو ملتان سلطانز نے کراچی کنگز کو 52 رنز سے شکست دے دی۔
ملتان کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ میں کراچی کنگز کے کپتان عماد وسیم نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا، ملتان سلطانز کی اوپننگ جوڑی معین علی اور ذیشان اشرف نے ٹیم کو جارحانہ آغاز فراہم کیا۔
دونوں کھلاڑیوں نے پہلی وکٹ کے لئے 31 رنز کی شراکت داری قائم کی، معین علی نے 65 اور شان مسعود نے 61 رنز بنائے جبکہ ذیشان اشرف نے بھی 23 رنز کی جارحانہ اننگز کھیلی۔
ملتان سلطانز نے کراچی کنگز کو جیت کے لیے 187 رنز کا ہدف دیا، کراچی کنگزکی جانب سے محمد عامر اور کرس جارڈن نے دو، دو جبکہ عمید آصف اور افتخار احمد نے ایک، ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔
جواب میں کراچی کا کوئی بھی بلے باز جم کر بلے بازی کرنے میں ناکام رہا اور وقتاً فوقتاً وکٹیں گرنے کا سلسلہ جاری رہا، ایلکس ہیلز 29، عمید آصف 18، شرجیل خان 16 اور بابر اعظم 13 رنز بناکر نمایاں رہے۔
ملتان کی جانب سے عمران طاہر نے شاندار گیند بازی کا مظاہرہ کرتے ہوئے تین بلے بازوں کو پویلین لوٹایا، شاندار کارکردگی پر معین علی کو میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔