لندن:پاکستانی نژاد برطانوی فٹبالر نادیہ خان کا کہنا ہے کہ فخر ہے کہ مجھے قومی ویمن فٹبال ٹیم کیلئے منتخب کیا گیا، انہوں نے کہا کہ وہ میدان میں ساتھی کھلاڑیوں کو جوائن کرنے کیلئے تیار ہیں۔
آئندہ ماہ ساف چیمپیئن شپ کیلئے پاکستان ویمن ٹیم میں منتخب ہونیوالی 21 سالہ نادیہ خان کا ایک انٹرویو میں کہنا تھا کہ پاکستان کی جانب سے انٹرنیشنل فٹبال کھیلنا ایک نیا تجربہ ہوگا، وہ اس پر خوش بھی ہیں، پرجوش بھی ہیں اور فخر بھی محسوس کررہی ہیں۔
انہوں نے امید ظاہر کی کہ ان کے بین الاقوامی سطح پر کھیلنے کے بعد برطانیہ میں مقیم دیگر جنوبی ایشین خواتین کیلئے بھی مثال قائم ہوگی اور وہ بھی کھیلوں کی جانب آئیں گی۔
فٹبال میں عزائم ہمیشہ سے ہی کافی بلند رہے ہیں اور اس بات کی امید ہے کہ مستقبل میں ضرور برطانیہ میں ویمن فٹبال کے سب سے بڑے ٹورنامنٹ ویمن سپر لیگ میں کسی ٹیم کی نمائندگی کروں گی۔
نادیہ خان نے کہاکہ انہیں ان کے کیریئر میں فیملی کی بہت سپورٹ رہی ہے اور فیملی کی اس سپورٹ نے نہ صرف ان کی حوصلہ افزائی کی بلکہ ان کا شوق بھی بڑھایا۔
پاکستان فٹبال فیڈریشن نے چھ ستمبر سے نیپال میں شروع ہونیوالی ساف چیمپیئن شپ کیلئے نادیہ خان کو پاکستان کے 23 رکنی اسکواڈ میں شامل کیا تھا، نادیہ خان برطانیہ سے براہ راست نیپال روانہ ہوں گی جہاں وہ کھٹمنڈو میں پاکستان ٹیم کو جوائن کرلیں گی۔
مزید پڑھیں:بیلی جین ٹینس کنگز کپ: پاکستان ویمنز ٹیم نے تاجکستان کو ہرا دیا