اسلام آباد:ایچ ای سی کی تباہ کن پالیسیوں کے خلا ف مسلسل تیسرے روز بھی احتجاج کیا گیا، ڈاکٹر سہیل یوسف پریزیڈنٹ فاپواسا پاکستان نے ایم ایم نیوز سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ فیڈریشن آف آل پاکستان یونیورسٹیز اکیڈمیک اسٹاف ایسوسی ایشن نے ہائر ایجوکیشن آف پاکستان کی تباہ کن اور تخریبی پالیسیوں کے خلاف مسلسل تیسرے روز بھی ایچ ای سی ہیڈ آفس اسلام آباد کے سامنے اپنا پرامن احتجاجی مظاہرہ جاری رکھا ہوا ہے۔
مظاہرے میں فاپو اسا۔اے۔جے۔کے بلوچستان گلگت بلتستان خیبرپختونخوا پنجاب اور سندھ کے تمام چیپٹرز شریک ہوئے جب کہ احتجاج میں ملک بھر سے فیکلٹی ممبران دن رات اپنا پرامن احتجاج ریکارڈ کروا رہے ہیں۔
یونیورسٹی کے معزز اساتذہ کے مسلسل احتجاج پر نہ تو حکومت اور نہ ہی ایچ ای سی کے عہدیداروں نے کوئی تشویش ظاہر کی ہے،حکام پاکستان ہائر ایجوکیشن کے شعبے کی پریشانی اور تباہی سے پوری طرح غافل نظر آتے ہیں،ایسا لگتا ہے کہ ایک فرد چیئرمین ایچ ای سی کو اعلیٰ تعلیم کے شعبے میں گزشتہ کئی دہائیوں کی محنت سے حاصل ہونے والی کامیابیوں کو ضائع کرنے کے لیے کھلی چھوٹ دے دی گئی ہے۔
سب سے اہم بات ہے کہ چیئرمین ایچ ای سی ملک میں ہائر ایجوکیشن پالیسی کے مختلف امور کے بارے میں فکلیٹی ممبروں سمیت مختلف اسٹیک ہولڈرز کی رائے سننے کے نہ صرف روادار نہیں بلکہ ہائر ایجوکیشن کی پالیسی اور اقدامات کو واضح طور پر بیان کرنے اور لاگو کرنے کی صلاحیت بھی نہیں رکھتے۔
ایچ ای سی کے عہدیداروں کی جانب سے اس قابل مذمت سلوک نے پورے پاکستان میں اساتذہ کو مجبور کیا ہے کہ وہ اپنے کلاس رومز اور تحقیقاتی لیبز چھوڑ کر احتجاج کے طور پر سڑکوں پر آئیں، پاپوا سا اس بات پر یقین رکھتا ہے کہ چیئرمین ایچ ای سی حکومت سے ایجوکیشن کے لیے خاطر خواہ فنڈز لینے سے نہ صرف قاصر ہے بلکہ خود کو ہائر ایجوکیشن سیکٹر کے لیے نقصان دہ پالیسیوں میں ملوث ہے۔
فاپو اسا چیئرمین ایچ ای سی کی طرف سے اساتذہ کی طرف کے نمائندوں کے خلاف لگائے گئے دعوؤں او الزامات کو مسترد کرتے ہوئے اساتذہ کے خلاف توہین آمیز زبان استعمال کرنے پر طلبہ کے جذبات کو اپنے اساتذہ کے خلاف بھڑکانے کی مذمت کرتے ہیں۔
فاپو اسا مطالبہ کرتا ہے کہ ایچ ای سی اور فاپواسا کے مابین بنیادی معاہدوں پر فوری طور پر عمل کیا جائے،اسٹیک ہولڈرز سے مشاورت تک دیگر یکطرفہ پالسیوں کو فوری طور پر روکا جائے۔
فاپواسا مذکورہ بالا حقیقی مطالبات کے پورا ہونے اور نااہل چیئرمین ایچ ای سی کو اس عہدے سے ہٹائے جانے تک اپنا احتجاج اور دھرنا جاری رکھے گا،مزید برآں فاپواسا اپنا احتجاج پاکستان بھر کی تمام یونیورسٹیوں کے کیمپوں تک لے جانے کا اعلان کرتا ہے۔