کراچی: اسٹیل ٹاؤن میں پولیس مقابلے کے دوران خاتون جاں بحق ہوگئی جس پر مظاہرین نے نیشنل ہائی وے بلاک کردی۔
تفصیلات کے مطابق اسٹیل ٹاؤن اور وائٹ کرولا گینگ کے مابین مقابلہ ہوا جس کے دوران فائرنگ سے خاتون جاں بحق ہوگئی۔ ورثاء نے پولیس اہلکاروں کے خلاف واقعے کا مقدمہ درج کرانے کا مطالبہ کرتے ہوئے احتجاج شروع کردیا اور نیشنل ہائی وے بلاک کردی۔
دوسری جانب پولیس کا کہنا ہے کہ تحقیقات کے دوران کار سے فائرنگ کے وقت ایس ایچ او اسٹیل ٹاؤن موقع پر موجود نہیں تھے، نہ ہی اس کے کوئی شواہد ملے ہیں۔ واقعے میں جاں بحق خاتون کے ورثاء کا ایس ایچ او پر مقدمے کا مطالبہ غیر منطقی ہے۔
دوسری جانب واقعے کے ایک عینی شاہد رکشہ ڈرائیور نے کہا کہ کار سوار ملزمان کلاشنکوف سے فائرنگ کر رہے تھے جن کے پاس جدید اسلحہ تھا۔ پولیس کے اعلیٰ حکام نے ایس ایس پی علی رضا کو واقعے کی تحقیقات کا حکم دے دیا ہے۔
تازہ ترین صورتحال
اس وقت خاتون کے ورثاء کا نیشنل ہائی وے پر احتجاج جاری ہے۔ ٹریفک پولیس کا کہنا ہے کہ احتجاج کے باعث نیشنل ہائی وے پر ٹریفک معطل ہے۔ ٹریفک کو متبادل راستوں پر موڑ دیا گیا ہے۔