کراچی: پاکستان کی مختلف مذہبی جماعتوں نے جمعہ کے روز غزہ پر اسرائیل کے حالیہ حملوں کے خلاف ملک بھر میں احتجاج کا اعلان کیا ہے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق کراچی میں جمعہ کی نماز کے بعد بوٹ بیسن سے امریکی قونصلیٹ تک احتجاجی مارچ کیا جائے گا۔
شہر میں جاری کردہ احتجاجی الرٹ کے مطابق آج دوپہر 3 بجے کے بعد ایک مذہبی گروہ کی جانب سے غزہ میں اسرائیلی مظالم اور حالیہ ہلاکتوں کی مذمت کے لیے بوٹ بیسن سے امریکی قونصلیٹ تک احتجاجی مارچ کیا جائے گا۔
الرٹ میں مزید کہا گیا ہے کہ مارچ کے دوران سیکورٹی سخت کر دی گئی ہے جبکہ احتجاجی ریلی کے راستے اور امریکی قونصلیٹ جانے والی سڑکوں پر ٹریفک میں رکاوٹوں اور سڑکوں کی بندش کا امکان ہے۔
الجزیرہ نیوز کے مطابق اسرائیل کی جانب سے اس ہفتے غزہ پر جنگ دوبارہ شروع کرنے کے بعد تقریباً 200 بچے ہلاک ہو چکے ہیں۔
اسرائیلی فوج کا کہنا ہے کہ جنوبی غزہ کے علاقے رفح میں زمینی کارروائی جاری ہے جبکہ فوجی شمال میں بیت لاہیا اور وسطی علاقوں کی طرف پیش قدمی کر رہے ہیں۔
منگل کے روز اسرائیل کے غزہ میں جنگ بندی معاہدہ توڑنے کے بعد سے اب تک 590 سے زائد فلسطینی ہلاک ہو چکے ہیں اور اسرائیلی فضائی حملے اور زمینی حملے مزید شدت اختیار کر رہے ہیں، جس کے نتیجے میں ہلاکتوں کی تعداد میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے۔