لاہور: پراسیکیوٹر جنرل پنجاب نے کرونا وائرس کے پھیلاؤ کے خدشے کے پیش نظر غیر ضروری سٹاف کو رخصت دے دی ہے۔
پراسیکیوٹر جنرل پنجاب رانا عارف کمال نون کی منظوری کے بعد ڈپٹی پراسیکیوٹر جنرل ناصر سیال نے نوٹیفیکیشن جاری کردیا۔ نوٹیفیکیشن کے مطابق کرونا وائرس کی وجہ سے حکومت پنجاب کی ہدایات کی روشنی میں اقدامات اٹھائے جارہے ہیں۔
نوٹیفیکیشن میں کہا گیا ہے کہ آئندہ احکامات تک تمام سٹاف ان ہدایات پر عمل درآمد کرے۔ افسران اور ملازمین کو رخصت پر بھجوانے کا فیصلہ کرونا وائرس کے پھیلاؤ کے خدشے پیش نظر کیا گیا۔
کہا گیا ہے کہ پراسیکیوٹر جنرل آفس کے غیر ضروری افسران اور ملازمین گھروں میں رہیں۔ مذکورہ افسران اور ملازمین آن لائن گھر سے ڈیوٹی دینگے۔ ہائیکورٹ میں فرائض انجام دینے والے پراسیکیوٹرز اور ان کا عملہ ڈیوٹی پر رہے گا۔
ہدایت دی گئی ہے کہ تمام برانچز کے انچارج اور سینیئر افسران اپنی حاضری کو یقینی بنائیں۔ ملازمین اور افسران ڈیوٹی کے بعد اپنے گھروں میں رہیں۔ رخصت پر جانیوالے افسران اور ملازمین فون کال پر دستیاب ہوں۔