اسلام آباد:وفاقی دارالحکومت میں کیمرج اسکول کے طلباء و طالبات کا احتجاجی مظاہرہ، احتجاج کرنے والے طلبا و طالبات کا کہنا ہے کہ ہم ایک ماہ کے اندر کسی بھی صورت امتحانات نہیں دے سکتے،کیونکہ کورونا وائرس وبا کے دوران یونیورسٹیز کالجز بند ہوگئے تھے اس لئے ہم اپنا کورس مکمل نہیں پڑھ سکے۔
گلگت بلتستان اور بلوچستان کے طلبا کا کہنا تھا کہ ہمارے علاقے میں انٹرنیٹ کی سہولت بالکل نہیں تھی اور نہ ہم نے امتحانات کی کوئی تیاری کی نہ ہی ہم ایک ماہ کے اندر یہ سب کچھ کر سکتے ہیں، ہمارے ساتھ سوتیلی ماں والا سلوک کیا جا رہا ہے۔
طلباء کا کہنا تھا کہ ہمیں بھی دیگر طلبہ و طالبات کی طرح رعایت دی جائے جیسے میٹرک اور نویں کلاس کے طلباء کو رعایت دی گئی تھی اور کیمبرج میں متوقع گریڈز دیئے جائیں، ہم امتحانات نہیں دیں گے،ہمیں بھی وہی سہولیات دی جائیں جو دیگر طلباء طالبات کو دی گئی تھی۔
کیمبرج نے ہمارے ساتھ سوتیلی ماں جیسا رویہ اختیار کر رکھا ہے ہمارے آج احتجاج کرنے کا مقصد اور مطالبہ یہ ہے کہ ہمارے ساتھ بھی نرم رویہ اختیار کیا جائے اور ہمیں اگلی کلاسز میں پروموٹ کیا جائے۔
احتجاج کے دوران طلباء کا کہنا تھا کہ ہم اگر اب امتحانات دیتے ہیں تو ہم کبھی بھی متوقع گریڈز حاصل نہیں کر سکتے، جس کی وجہ سے ہم کسی بھی یونیورسٹی میں داخلہ نہیں لے سکیں گے۔یہ ہمارے کیریئر کا سوال ہے اس لیے ہم اپیل کرتے ہیں کہ خدارا ہمارے مستقبل کے ساتھ نہ کھیلا جائے۔