کراچی:گورنر سندھ عمران اسماعیل نے کہا ہے کہ دنیا بھر میں کورونا کے مقابلے میں بھوک اور افلاس کے مسائل بڑھ رہے ہیں،اس ضمن میں گورنر سندھ نے آکسفیم کی تنبیہ کا تذکرہ بھی کیا۔
انہوں نے کہا کہ بالآخر دنیا اس بات کو تسلیم کر رہی ہے کہ بھوک اور غربت کے باعث کورونا سے کہیں زیادہ اموات ہوسکتی ہیں۔ گورنر سندھ نے کہا کہ وزیر اعظم عمران خان ابتداء سے ہی اس جانب توجہ مبذول کرارہے ہیں کہ ہمیں کورونا کے خلاف جنگ اور معیشت میں ایک توازن قائم کرنا ہوگا۔
کورونا کے مقابلہ میں خصوصاً تیسری دنیا کے ممالک میں بھوک، افلاس اور غربت سے کہیں زیادہ اموات ہوسکتی ہیں۔ گورنر سندھ نے کہا کہ امید ہے اب وزیر اعظم کے ناقدین کو ان کی دور اندیشی کا اندازہ ہوگیا ہوگا۔
انہوں نے کہا کہ وزیراعظم کی یہ بات بالکل درست ثابت ہوئی ہے کہ مکمل لاک ڈاؤن کبھی بھی کورونا کے مسئلہ کا حل نہیں تھا۔کیونکہ اگر مکمل لاک ڈاؤن نافذ کردیا جاتا تو اس سے غریب افراد بھوک اور افلاس کا شکار ہوجاتے۔