اسلام آباد: وزیر نجکاری محمد میاں سومرو نے کہا ہے حکومت سرکاری اداروں کو منافع بخش بنانے کے لیے اصلاحات کر رہی ہے، 6 اداروں کی نجکاری مکمل کرنے کا فیصلہ کرلیا گیا ہے۔
معاون خصوصی برائے اطلاعات و نشریات فردوس عاشق اعوان اور نجکاری ڈویژن کے سیکریٹری کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے وزیر نجکاری کا کہنا تھا کہ حکومت نے رواں سال آئل اینڈ گیس ڈویلپمنٹ کمپنی لمیٹڈ،پاکستان پیٹرولیم لمیٹڈ اور ماڑی پیٹرولیم سمیت 6 اداروں کی نجکاری مکمل کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
محمد میاں سومرو نے کہا کہ اسٹریٹجک سیل 10 برس بعد ہورہی ہے اور اس عمل میں عموماً 2 برس یا زائد کا دورانیہ لگ جاتا ہے جسے تقریباً ایک برس میں مکمل کرلیا گیا، نیلامی میں دنیا کی بیشتر نئی کمپنیوں نے دلچسپی کا اظہار کیا۔
انہوں نے کہا کہ نیشنل پاور پارکس منیجمنٹ کی نجکاری کا عمل شروع کیا گیا ہےاس کے علاوہ ایس ایم ای بینک اور ماڑی پیٹرولیم کی نجکاری بھی اس سال کے دوران کی جائے گی۔
وزیر نجکاری کا کہنا تھا کہ جاپان، کوریا اور تھائی لینڈ سمیت 13 کمپنیوں نے آر ایل این جی پاور پلانٹس کی نجکاری کے لیے بولیاں جمع کرائی ہیں، اداروں کی نجکاری میں پیپرا قوانین اور اداروں کی خودمختاری کا خیال رکھا جائے گا۔
یہ بھی پڑھیں: اسلام کا ماننے والادہشت گرد یا انتہاپسند نہیں ہو سکتا، فردوس عاشق اعوان