اسلام آباد: برطانوی شہزادہ ولیم اور ان کی اہلیہ کیٹ میڈلٹن 4 روزہ دورے پر پاکستان پہنچ گئے،جہاں وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے ان کا استقبال کیا۔
برطانوی شاہی جوڑا نور خان ایئربیس پہنچا جہاں وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی، دیگر وفاقی وزرا، دفتر خارجہ حکام اور برطانوی سفارت کاروں نے ان کا استقبال کیا، اس موقع پربرطانوی ہائی کمشنر بھی ائیربیس پر موجود تھے۔
شہزادہ ولیم اور کیٹ مڈلٹن کو شاہ محمود قریشی نے گلدستہ پیش کیا،شاہی جوڑے کے ہمراہ ان کے بچے نہیں ہیں ان کے ساتھ بھاری بھرکم سیکیورٹی ٹیم بھی پاکستان پہنچی ہے، 40 سے زائد ڈاکٹرز، پیرا میڈکس اور طبی عملہ بھی سیکیورٹی ٹیم کا حصہ ہے۔
37 سالہ برطانوی شہزادہ ولیم اور ان کی اہلیہ کیتھرین (کیٹ) الزبتھ مڈلٹن جنہیں بالترتیب ڈیوک اینڈ ڈچز آف کیمبرج کہا جاتا ہے، آج پہلی مرتبہ پاکستان آئے ہیں۔
شاہی جوڑے کی کل صدرپاکستان عارف علوی اوروزیراعظم عمران خان سےملاقاتیں طے ہیں ، جس میں جس میں دوطرفہ ملکی امور پر تبادلہ خیال کیا جائےگاجبکہ کل ہی شاہی جوڑا اسلام آباد میں خواتین کے کالج کا دورہ کرے گا اور چیریٹی پروگرام میں شرکت کرے گا۔
علاوہ ازیں ایف سیون اسکول، کالج کا دورہ، نجی ادارے کے اجلاس میں شرکت کے ساتھ پاکستان مانومنٹ پر منعقدہ خصوصی تقریب کا حصہ بھی ہوں گے۔
شہزادہ ولیم اور کیٹ میڈلٹن 16 اکتوبر کو لاہور جائیں گے جہاں وہ لاہور کی تاریخی بادشاہی مسجد کا بھی دورہ کریں گے اور ایک ایس او ایس ویلج کا بھی دورہ کریں گے، دورہ لاہور کے دوران شاہی مہمان نیشنل کرکٹ اکیڈمی بھی جائیں گے۔
برطانوی شاہی جوڑا 17 اکتوبر کو چترال جائے گا، مقامی افراد سے ملے گا جبکہ بہترموسم ، سیکیورٹی مسائل نہ ہوئے تو برطانوی مہمان درہ خیبر، قلعے کا دورہ بھی کرے گا۔
شہزادہ ولیم اور شہزادی کیٹ مڈلٹن کا 18 اکتوبر کو فیصل مسجد کے دورے کا بھی امکان ہے، برطانوی شاہی جوڑا 18 اکتوبر دوپہر ڈیڑھ بجے نور خان ائیر بیس سے وطن واپس روانہ ہو جائے گا۔
وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کا کہنا ہے کہ شاہی مہمانوں کی آمد سے پاک برطانیہ تعلقات مزید مستحکم ہوں گے،شاہی خاندان کا یہ وفد پاکستان کے مختلف علاقوں کا دورہ کرنے کے ساتھ پاکستان کی سیاسی قیادت سے ملاقات بھی کرے گا، برطانوی شہزادہ ولیم اور ان کی اہلیہ کیٹ مڈلٹن کا یہ دورہ پاکستان، امن و امان کی بہتر صورتحال پر اعتماد کا اظہار ہے۔