اسلام آباد: وزیراعطم عمران خان نے وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں ‘کوئی بھوکا نہ سوئے’ پروگرام کا آغاز کردیا۔ ان کا کہنا ہے پروگرام کا مقصد محنت کشوں کو بہتر کھانا فراہم کرنا ہے۔
پروگرام کے اجرا کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ اس پروگرام کا مقصد محنت کشوں کو بہتر کھانا فراہم کرنا ہے۔ احساس پروگرام کے حکام، ڈاکٹر ثانیہ نشتر اور بیت المال کی ٹیم کو ‘کوئی بھوکا نہ سوئے’ پروگرام کے آغاز کی مبارکباد دی۔
وزیراعظم نے کہا کہ مجھے پناہ گاہ دیکھ کر بہت خوشی ہوتی ہے کہ یہ مستحق اور محنت کش کے لیے نعمت ہے۔ ان پناہ گاہوں کے معیار میں مسلسل اضافہ کیا جائے گا تاکہ کوئی انسان جب یہاں آئے تو اس کے ساتھ اچھا سلوک کیا جائے۔
انہوں نے کہا کہ ہم نے دیکھا کہ پناہ گاہ کا معیار آہستہ آہستہ پیچھے چلا گیا تھا اور اب ان کا معیار بہتر ہورہا ہے۔ بدقسمتی سے یہ سوچ بن گئی ہے کہ غریب آدمی کو کسی خاص ٹریٹمنٹ کی ضرورت نہیں ہے لیکن ہمیں خیال رکھنا ہے کہ انہیں صاف ستھرا کھانا فراہم کیا جائے۔
عمران خان نے مزید کہا کہ یہ پروگرام پاکستان کے لیے بہت اہم ہے، بہت سے لوگ ایسے ہیں جو بھوکے سوتے ہیں، کئی دفعہ یومیہ اجرت پر کام کرنے والوں کو کام نہ ملے تو وہ بھوکے سوتے ہیں، ہم اس پروگرام کے ذریعے ملک کو ایک فلاحی ریاست بنانے جارہے ہیں۔
یہ بھی پڑھیں : آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ سے ازبکستان کے وزیر خارجہ کی ملاقات