اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان کا کہنا ہے کہ پاکستان ایک مقصد کے تحت وجود میں آیا لیکن اس راستے پر نہیں چل سکا، آج ہم پر زیادہ قرضے ہیں اور عوام پر پیسہ خرچ کرنے کے لیے محدود وسائل ہیں۔ عمران خان نے کہا ہے کہ پشاور اور فیصل آباد میں ’احساس کوئی بھوکا نہ سوئے‘ پروگرام شروع ہوگیا ہے جس سے مستحق اور پسماندہ طبقہ مستفید ہوگا۔
ان خیالات کا اظہار وزیراعظم عمران خان نے پنجاب، خیبرپختونخوا کے مزید 3 شہروں تک ’کوئی بھوکانہ سوئے‘ پروگرام کو وسعت دینے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ پورے پاکستان میں کچن ٹرک کا جال بچھائیں گے، موبائل کچن کے ذریعے غریبوں کو کھانا فراہم کیا جائے گا۔
وزیراعظم کا کہنا تھا کہ یہ ہماری کلیدی ذمہ داری ہے کہ معاشرے کے کمزور طبقے کی دیکھ بھال کو قبول کریں۔ ان کا کہنا تھا کہ جب ایک ریاست مستحق افراد کے گھر کھانا پہنچانے کی ذمہ داری لے گی اور مستحق افراد دو وقت کی روٹی کھا سکیں گے تو اللہ کی برکت پاکستان پر نازل ہوگی کیونکہ یہ میرا ایمان ہے۔
صحت سہولت کارڈ سے متعلق گفتگو کرتے ہوئے وزیراعظم عمران خان کا کہنا تھا کہ اسلام آباد میں پہلی بار آبادی کو ہیلتھ کوریج دے رہے ہیں، ہیلتھ کارڈ سے اسپتالوں میں مقابلے کا رجحان پیدا ہو گا۔
عمران خان نے صوبائی وزرائے اعلیٰ کو ’کوئی بھوکا نہ سوئے‘ کے پروگرام کے آغاز پر مبارک باد دیتے ہوئے کہا کہ ابھی آپ کو اندازہ نہیں کہ یہ کتنا بڑا کام شروع کیا ہے۔ اس موقع پر سیلانی ٹرسٹ کا خصوصی شکریہ ادا کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ آپ بڑے خوش قسمت لوگ ہیں جو کام آپ کررہے ہیں۔