روئی کی قیمتوں میں تیزی، مقامی کاٹن کے بھاؤ میں فی من 150 روپے کا اضافہ

مقبول خبریں

کالمز

موسم

قیمتیں

ٹرانسپورٹ

Weekly Cotton Market Review

کراچی: مقامی کاٹن مارکیٹ میں گزشتہ ہفتہ کے دوران ٹیکسٹائل اور اسپننگ ملز کی جانب سے روئی کی خریداری میں اضافہ کے نسبت پھٹی کی محدود رسد کے باعث روئی کے بھاؤ میں مجموعی طورپر تیزی کا عنصر رہا۔ روئی کے بھاؤ میں فی من 150 روپے کا اضافہ ہوا۔

بھاؤ میں اضافہ کی ایک وجہ بین الاقوامی کاٹن مارکیٹوں میں روئی کے بھاؤ میں اضافہ بھی گردانا جاتا ہے خصوصی طور پر نیویارک کاٹن کے وعدے کے بھاؤ میں اضافہ کی وجہ سے پاکستان میں موجود ایک بین الاقوامی فرم کی جانب سے روئی کی خریداری میں اضافہ ہونے کے سبب مقامی روئی میں اضافہ ہو جاتا ہے یہ بین الاقوامی فرم اس سال شروع سیزن سے مسلسل روئی کی خریداری جاری رکھے ہوئے ہے ۔

ایک اندازے کے مطابق اب تک ایک لاکھ گانٹھوں سے زیادہ روئی خرید چکی ہے روئی کے بھاؤ میں اضافہ کے سبب ٹیکسٹائل و اسپننگ کو بھی اپنی ضرورت کیلئے زیادہ دام پر روئی خریدنی پڑ رہی ہے دوسری جانب بارشوں کے باعث پھٹی کی رسد محدود ہونے کی وجہ سے بھی روئی کے بھاؤ میں اضافہ کا رجحان ہے۔

ہفتہ وار رپورٹ کے مطابق بارشوں کے باعث کپاس کی فصل کو نقصان ہونے کا امکان بڑھ گیا ہے، پہلے ہی ناقص بیجوں کے سبب ملک میں کپاس کی بوائی توقع سے کم ہوئی ہے، اوپر سے بارش رہی سہی کسر پوری کر رہی ہے۔ اس طرح کپاس کی پیداوار کا اندازہ لگانا مشکل ہوتا جارہا ہے ۔

پنجاب کی صوبائی حکومت نے صوبے میں کپاس کی پیداوار 75 لاکھ گانٹھوں کی ہونے کا عندیہ دیا ہے۔ اگر صوبہ سندھ میں کپاس کی پیداوار 30 تا 35 لاکھ گانٹھوں کے لگ بھگ ہوئی تو ملک میں کپاس کی پیداوار ایک کروڑ 10 لاکھ گانٹھوں کے لگ بھگ ہونے کا اندازہ بتایا جاتا ہے لیکن نجی ماہرین کا خیال ہے کہ ملک میں کپاس کی پیداوار تقریبا 87 لاکھ گانٹھوں کے لگ بھگ ہوسکتی ہے۔

صوبہ سندھ میں روئی کا بھاؤ فی من 8275 تا 8400 روپے پھٹی کا بھاؤ فی 40 کلو 3600 تا 3900 روپے رہا بنولہ کا بھاؤ فی من 1450 تا 1550 روپے رہا جبکہ صوبہ پنجاب میں روئی کا بھاؤ فی من 8650 تا 8750 روپے رہا پھٹی کا بھاؤ فی 40 کلو 3700 تا 4100 روپے بنولہ کا بھاؤ فی من 1650 تا 1800 روپے رہا۔

صوبہ بلوچستان میں روئی کا بھاؤ فی من 8350 تا 8450 روپے رہا پھٹی کا بھاؤ فی 40 کلو 4000 تا 4100 روپے رہا۔کراچی کاٹن ایسوسی کی اسپاٹ ریٹ کمیٹی نے اسپاٹ ریٹ میں فی من 150 روپے کا اضافہ کرکے اسپاٹ ریٹ فی من 8500 روپے کے بھاؤ پر بند کیا۔

کراچی کاٹن بروکرز فورم کے چئیرمین نسیم عثمان نے بتایا کہ بین الاقوامی کاٹن مارکیٹوں میں مجموعی طورپر تیزی کہی جاسکتی ہے خصوصی طور پر نیویارک کاٹن کے وعدے کے بھاؤ میں مجموعی طورپر تیزی کا عنصر رہا جو بڑھ کر فی پاؤنڈ 64 امریکن سینٹ سے تجاوز کرگیا جس کی وجہ امریکہ کے کپاس پیدا کرنے والے سب سے بڑے اسٹیٹ ٹیکساس میں کپاس کی غیر یقینی صورت حال ہے ۔

بھارت میں روئی کے بھاؤ میں مجموعی اضافہ دیکھا گیا اس سال بھارت کے کپاس پیدا کرنے والے سب سے بڑے صوبہ گجرات میں وافر مقدار میں بارشوں کے سبب دیگر اجناس کے ساتھ کپاس کی پیداوار میں اضافہ ہونے کی توقع ہے۔

مزید پڑھیں:خریداری محتاط ہونے اور اچھی کوالٹی کا اسٹاک کم ہونےسے روئی کا کاروباری حجم کم ہوگیا

دوسری جانب کاٹن کارپوریشن آف انڈیا CCI نے خریدی ہوئی روئی کے اسٹاک میں سے مقامی ملز اور بنگلہ دیش کی ملوں کو روئی فروخت کررہا ہے جس کے باعث بھارت کے مقامی جنرز میں اضطراب پایا جاتا ہے۔

Related Posts