اسلام آباد: صدرِ مملکت آصف علی زرداری نے کہا ہے کہ حضور اکرم ﷺ رہتی دنیا تک انسانیت کیلئے ہدایت کا سرچشمہ ہیں۔ آپ ﷺ کی زندگی انسانیت کی خدمت کا عملی نمونہ ہے۔
تفصیلات کے مطابق جشنِ عید میلاد النبی ﷺ کے موقعے پر قوم کے نام اپنے پیغام میں صدر آصف علی زرداری نے کہا کہ پوری قوم کو 12ربیع الاوّل کی مبارکباد دیتا ہوں۔ اللہ تعالیٰ نے اس مہینے میں ہمیں عظیم نعمت عطا فرمائی کہ خاتم النبیین ﷺ کی ولادت ہوئی۔
پیغام میں صدر آصف علی زرداری نے کہا کہ آج ہر مسلمان کے دل میں عشقِ رسول شمع بن کر روشن ہوتا ہے۔ اللہ تعالیٰ نے رسول اللہ ﷺ کی حیاتِ طیبہ کو ہمارے لیے بہترین نمونہ قرار دیا۔ سیرتِ طیبہ سے ہر شعبہ زندگی میں رہنمائی ملتی ہے۔
صدرِ مملکت آصف علی زرداری نے کہا کہ آپ ﷺ نے عدل و انصاف پر مبنی معاشرے کا قیام یقینی بنایا۔ موجودہ دور کے چیلنجز کا سامنا کرنا ہے تو اسوۂ حسنہ کو اپنی زندگی کا حصہ بنانا ہوگا۔ رسول اللہ ﷺ نے ارشاد فرمایا تھا کہ بہترین انسان دوسروں کو نفع پہنچانے والا ہوتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ ہمیں نبی اکرم ﷺ کے انسانیت سے محبت اور ہمدردی کے پیغام کو عام کرنا ہے۔ اللہ کے نبی ﷺ نے ہمیشہ دوسروں کی محبت کا درس دیا۔ نبی اکرم ﷺ نے ہمیں سکھایا کہ ظلم کے خلاف آواز بلند کرنی ہے اور مظلوم کی مدد کرنا ہے کہ یہ ایمان کا حصہ ہے۔