اسلام آباد: چین کے عوام اور حکومت کے ساتھ اظہار یکجہتی کے لیے صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے ہفتہ کو چین کے سفارت خانے کا دورہ کیا اور کراچی میں ہونے والے دہشت گردانہ حملے میں چینی شہریوں کی قیمتی جانوں کے ضیاع پر دلی تعزیت کا اظہار کیا۔
صدر مملکت نے چینی سفارتخانے کے ناظم الامور پانگ چنکسو اور افسران سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پوری پاکستانی قوم اس افسوسناک واقعے پر گہرے دکھ اور صدمے میں ہے اور چینی بھائیوں اور بہنوں کے غم میں برابر کے شریک ہیں۔
انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ پاکستان چینی شہریوں کے تحفظ کو یقینی بنانے اور اس گھناؤنے واقعے میں ملوث عناصر کو انصاف کے کٹہرے میں لانے میں کوئی کسر نہیں چھوڑے گا۔
صدر مملکت نے واقعے کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ اس کے پیچھے کچھ دشمن ممالک کا ہاتھ ہے جو پاک چین دوستی اور چین پاکستان اقتصادی راہداری منصوبے کو نقصان پہنچانا چاہتے ہیں لیکن وہ اپنے عزائم میں کامیاب نہیں ہوں گے کیونکہ دونوں ممالک کی گہری دوستی ہے اور اس کے لیے پرعزم ہیں۔
انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک کا مستقبل مشترکہ ہے اور ان کی دوستی اور قریبی تعاون کی طویل تاریخ ہے۔ انہوں نے حملے کی مذمت کی اور امید ظاہر کی کہ اس واقعے کے ذمہ داروں کو پکڑ کر سزا دی جائے گی۔
بعد ازاں صدر نے سفارت خانے کی وزیٹر بک میں ریمارکس لکھے۔
مزید پڑھیں:ڈرامہ وزیراعلیٰ کی ڈرامہ بازیاں جاری ہیں، عمران اسماعیل