اسلام آباد: صدرِ مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے پشاور ہائیکورٹ کے 3 ایڈیشنل ججز کی مدتِ ملازمت میں 6 ماہ کی توسیع کردی ہے۔
تفصیلات کے مطابق صدرِ مملکت نے وزیر اعظم شہباز شریف کی ایڈوائس پر پشاور ہائیکورٹ کے 3 ایڈیشنل ججز کی تعیناتی کی مدت میں توسیع کی جن میں جسٹس فضلِ سبحان اور جسٹس شاہد خان شامل ہیں۔
جسٹس ابراہیم خان کی بطور چیف جسٹس پشاور ہائیکورٹ تعیناتی منظور
صدرِ مملکت نے پشاور ہائیکورٹ کے جج جسٹس ڈاکٹر خورشید اقبال کی مدتِ ملازمت میں بھی چھ ماہ کی توسیع کی منظوری دے دی۔ مدتِ ملازمت میں توسیع کا اطلاق منگل سے کیا جائے گا۔
خیال رہے کہ اس سے قبل صدرِ مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے جسٹس ابراہیم خان کی بطور قائم مقام چیف جسٹس پشاور ہائیکورٹ تعیناتی کی منظوری دے دی۔
آج سے 9روز قبل صدرِ مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے قائم مقام چیف جسٹس محمد ابراہیم خان کی تعیناتی کی منظوری دی۔ چیف جسٹس کا عہدہ جسٹس مسرت ہلالی کی سپریم کورٹ میں تعیناتی کے باعث خالی ہوا۔
جسٹس محمد ابراہیم خان پشاور ہائیکورٹ کے سینئر ترین جج ہیں۔ آئین کے آرٹیکل 196 کے تحت ان کی تعیناتی باقاعدہ چیف جسٹس کی تعیناتی تک کی گئی۔