کراچی: صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی سے گورنر سندھ عمران اسماعیل نے گورنر ہاؤس میں ملاقات کی۔
ملاقات کے دوران سندھ کے لئے وفاقی حکومت کے ترقیاتی منصوبوں، معیشت میں بہتری کے لئے کئے گئے اقدامات سمیت عوام کے مسائل کے حل کے لئے ترجیحی اقدامات اور باہمی دلچسپی کے دیگر امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
صدر مملکت نے اس موقع پر کہا کہ وفاقی حکومت صوبہ کے تمام اسٹیک ہولڈرز کو ساتھ لے کر چلنا چاہتی ہے کیونکہ عوام کے مسائل کے دیرپا حل کے لئے تمام سیاسی نمائندوں کی شمولیت ضروری ہے۔
صدر مملکت نے مزید کہا کہ وفاقی حکومت عوام کے مسائل کے خاتمہ کے لئے اقدامات کر رہی ہے اور عوامی فلاح و بہبود کے لئے شروع کئے گئے کئی منصوبے اس بات کا ثبوت ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ملک کے تمام حصوں کی یکساں ترقی حکومت کی ترجیحات میں شامل ہے۔ گورنر سندھ نے کہا کہ وزیر اعظم صوبہ کی تعمیر و ترقی میں ذاتی دلچسپی رکھتے ہیں یہی وجہ ہے کہ صوبہ کے مختلف اضلاع کے لئے ترقیاتی منصوبوں کا اعلان کیا گیا ہے ۔
یہ بھی پڑھیں: وزیراعلیٰ مراد علی شاہ کاآئی جی سندھ کو ہٹانے کیلئے وزیراعظم کو ایک اور خط