اسلام آباد: صدرِ مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے کہا ہے کہ پاکستان نے کم وسائل کے باوجود پناہ گزینوں کی کھلے دل سے مدد کی۔ یہ اقدامات ہمارے بھائی چارے اور ہمدردی کا منہ بولتا ثبوت ہیں۔
تفصیلات کے مطابق پناہ گزینوں کے عالمی دن کے موقعے پر اپنے پیغام میں صدرِ مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے کہا کہ پناہ گزینوں کا عالمی دن ہمیں لاکھوں افغان مہاجرین کی میزبانی میں پاکستانی عوام اور حکومت کے گزشتہ 40سالہ کردار کی یاد دلاتا ہے۔
وزیر اعظم شہباز شریف فرانس کا دورہ کریں گے
عالمی دن کے موقعے پر اپنے پیغام میں صدرِ مملکت نے کہا کہ محدود وسائل کے باوجود ایک کثیر تعداد میں بے گھر افراد کو پناہ دینے کے بے مثال پاکستانی اقدامات ہمارے بھائی چارے اور ہمدردی کا ثبوت ہیں۔ ہر سال یہ دن منانے کا مقصد مشکل گھڑی میں پناہ گزینوں کی مدد کرنا ہے۔
قوم کے نام اپنے پیغام میں صدرِ مملکت نے کہا کہ پناہ گزینوں کا بوجھ اٹھانے کیلئے پاکستان کو عالمی برادری کی جانب سے ابتدائی طور پر امداد ملی، مگر وقت گزرنے کے ساتھ ساتھ یہ امداد گھٹتی چلی گئی تاہم مہاجرین کی امداد کیلئے پاکستان کا عزم غیر متزلزل رہا۔
صدرِ مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے کہا کہ یہ امر قابلِ ذکر ہے کہ 40 سال گزرنے کے باوجود مہاجرین اور مقامی آبادی کے مابین کوئی ناخوشگوار واقعہ نہیں ہوا جو کہ پر امن بقائے باہمی اور باہمی احترام کی بڑی مثال ہے۔ پاکستان نے پناہ گزینوں کو ہر ممکن مدد فراہم کی۔