اسلام آباد: صدرِ مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے کہا ہے کہ پاکستان کو خوشحال بنانے کیلئے ہمیں شاعرِ مشرق علامہ اقبال کی پیروی کی ضرورت ہے۔
تفصیلات کے مطابق حکیم الامت علامہ محمد اقبال کے 143ویں یومِ ولادت کے موقعے پر اپنے پیغام میں صدرِ مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے عظیم مسلم فلسفی اور شاعر علامہ اقبال کو بھرپور خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ علامہ اقبال برصغیر کے مسلمانوں کے عظیم مصلح تھے جنہوں نے الگ مسلم ریاست کا نظریہ پیش کیا۔
اپنے پیغام میں صدرِ مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے کہا کہ علامہ اقبال کے خواب کو آگے چل کر حقیقت کا روپ ملا جبکہ علامہ اقبال وہ عظیم فلسفی تھے جس نے مسلمانوں کو اپنی شاعری اور تحریروں کے ذریعے اتحاد کا درس دیا جس سے ان میں وہ جوش و جذبہ بیدار ہوا کہ وہ اپنا الگ وطن حاصل کرنے میں کامیاب ہوئے۔
علامہ اقبال کی خدمات پر روشنی ڈالتے ہوئے صدرِ مملکت نے کہا کہ شاعرِ مشرق نے برصغیر میں مسلم معاشرے کے احیاء کیلئے اہم کردار ادا کیا۔ اقبال نے خودی کا جو تصور پیش کیا وہ ہمیں ترقی و کامیابی کی نئی منزلوں کی طرف لے جاسکتا ہے۔ آج نوجوان نسل کو علامہ اقبال کے فکر و فلسفے پر عمل کی ضرورت ہے۔
صدرِ مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے کہا کہ اگر امتِ مسلمہ علامہ اقبال کے فلسفے پر عمل کرے تو موجودہ دور کے چیلنجز سے نبرد آزما ہوسکتی ہے۔ پاکستان کو خوشحال قوم بنانے کیلئے ہمیں اسلام پر علامہ اقبال کی تعلیمات کی پیروی کرنا ہوگی جبکہ خودی کا تصور اپنی ذات کی پہچان سے عبارت ہے۔
انہوں نے کہا کہ آج وہ وقت ہے کہ ہم آپس کے اختلافات بھلا کر ملک کی سماجی و اقتصادی فلاح و بہبود کیلئے کام کریں اور مسلم امہ کے اتحاد و یگانگت اور ملک کی تعمیر و ترقی کیلئے اقدامات اٹھائیں، کیونکہ علامہ اقبال نے بھی یہی درس دیا تھا:
ایک ہوں مسلم حرم کی پاسبانی کیلئے
نیل کے ساحل سے لے کر تابہ خاکِ کاشغر
یاد رہے کہ پاکستان بھر میں آج قومی شاعر اور حکیم الامت علامہ محمد اقبال کا 142واں یومِ ولادت ملی جوش و جذبے سے منایا جارہا ہے جبکہ مصورِ پاکستان علامہ اقبال نے اپنی شاعری سے مسلمانوں میں جذبۂ آزادی بیدار کیا۔
گزشتہ صدی کے بین الاقوامی شہرت یافتہ شاعر، دانشور اور فلسفی علامہ محمد اقبال 9 نومبر 1877ء کو صوبہ پنجاب کے شہر سیالکوٹ میں پیدا ہوئے جبکہ آپ نے فلسفے، عربی اور فارسی زبان پر عبور حاصل کیا۔
مزید پڑھیں: علامہ محمد اقبال کا 143واں یومِ ولادت آج منایا جارہا ہے