اسلام آباد: صدرِ مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے کہا ہے کہ پاکستانی پارلیمنٹ ریاست کا بنیادی ستون اور ملکی مسائل کے ازالے کیلئے حتمی فورم ہے۔
تفصیلات کے مطابق صدرِ مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے پارلیمانی نظام کے عالمی دن کے موقعے پر اپنے پیغام میں کہا کہ عالمی دن منانے کا مقصد پبلک پالیسی کی تشکیل کے دوران عوامی امنگوں کی ترجمانی کرنے اور ان کے احساسات کو پبلک پالیسی کا حصہ بنانے میں پارلیمان کے مرکزی کردار کی اہمیت اجاگر کرنا ہے۔
پیغام میں صدرِ مملکت نے کہا کہ پائیدار ترقی اور بنیادی انسانی حقوق کے فروغ کیلئے دنیا بھر کی پارلیمانوں پر خصوصی ذمہ داریاں عائد ہوتی ہیں۔ پاکستانی پارلیمنٹ بھی مساوات پر مبنی پائیدار مستقبل کی تعمیر اورپالیسی سازی میں عوامی شرکت کو یقینی بنانے کیلئے ملکی سیاست میں اپنا کردار ادا کر رہی ہے۔
صدرِ مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے کہا کہ پاکستان کی پارلیمنٹ ریاست کا بنیادی ستون اور قوم کو درپیش مسائل کے ازالے کیلئے حتمی فورم ہے۔ اس عالمی دن پر میں پارلیمان سے درخواست کروں گا کہ وہ ملک کے مشترکہ مستقبل، پائیدار ترقی اور معاشرے کے تمام طبقات کی فلاح و بہبود کو یقینی بنائے۔
واضح رہے کہ پارلیمانی نظام کا عالمی دن آج پاکستان سمیت دنیا بھر میں منایا جارہا ہے۔ صدرِ مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے بین الاقوامی دن کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ میں ایک مضبوط، بااختیار عوام اور عوام کے حقیقی نمائندہ پارلیمانی نظام کے فروغ کیلئے پاکستانی قوم کے عزم کا ایک بار پھر اعادہ کرتا ہوں۔