اسلام آباد: صدرِ مملکت ڈاکٹرعارف علوی نے سینئر صحافی و ٹی وی میزبان ارشد شریف کے پراسرار حالات میں بہیمانہ قتل پر جوڈیشل کمیشن کے قیام کیلئے متعلقہ وزارتوں کو خط لکھ دیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق صدرِ پاکستان ڈاکٹر عارف علوی نے جوڈیشل کمیشن بنانے کی کارروائی کرنے کیلئے وزارتِ داخلہ اور وزارتِ قانون و انصاف کو مراسلہ ارسال کردیا ہے۔
وزیر اعظم کا دورہ چین، خصوصی بوئنگ ٹرپل طیارہ استعمال کیا گیا
صدرِ مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے متعلقہ وزارتوں کو ارشد شریف کے قتل پر تحقیقات کیلئے جوڈیشل کمیشن بنانے کی غرض سے مراسلہ محمد اظہر صدیق ایڈووکیٹ کی درخواست کے جواب میں بھیجا۔
متعلقہ وزارتوں کو صدرِ مملکت ڈاکٹر عارف علوی کی جانب سے مراسلہ پاکستان کمیشن آف انکوائری ایکٹ 2017 کے تحت ارسال کیا گیا جس کا مقصد سینئر صحافی ارشد شریف کے بہیمانہ قتل کے اصل حقائق کی تحقیقات کرنا ہے۔
مراسلے کی نقل سپریم کورٹ کے وکیل اظہر صدیق ایڈووکیٹ کو بھی ارسال کردی گئی ہے جس میں صدرِ مملکت کی جانب سے اظہر صدیق کے 26 اکتوبر کو تحریر کیے گئے خط کا حوالہ دیا گیا ہے۔
خیال رہے کہ سینئر صحافی ارشد شریف کو کینیا میں پراسرار حالات میں قتل کیا گیا۔ کینین پولیس کا کہنا تھا کہ ارشد شریف کو شناخت میں غلطی کے باعث فائرنگ کرکے قتل کیا گیا۔