سعودی کمیٹی برائے یوگا کے سربراہ نوف المروعی نے اگلے چند مہینوں کے دوران یوگا کی مشق کی حمایت کے لیے ایک معاہدے پر دستخط کرنے کا انکشاف کیا اور انہوں نے یونیورسٹی کے کھیلوں کے نظام میں یوگا آسن کو متعارف کرانے کی اہمیت پر زور دیا۔
العربیہ ڈاٹ نیٹ کو دیے گئے خصوصی بیانات میں انہوں نے کہا کہ سعودی یوگا کمیٹی، سعودی عرب کی اولمپک اور پیرا اولمپک کمیٹی کی چھتری تلے، یوگا کے کھیل کو پھیلانے اور معاشرے کے تمام طبقوں کے پریکٹیشنرز کی بنیاد کو وسیع کرنے کی اپنی حکمت عملی کو حاصل کرنے کی کوشش کرتی ہے۔
انہوں نے واضح کیا کہ وزارت کھیل اور متعدد سرکاری اور نجی اداروں کے درمیان مختلف کھیلوں کی ترویج کے لیے کئی معاہدے موجود ہیں۔ انہوں نے کہا کہ مقامی فیڈریشنز اور کمیٹیوں کے لیے یہ ضروری ہے کہ وہ ہر سطح پر یوگا کو پھیلانے کی اس تحریک کی حمایت میں حصہ لیں۔ واضح رہے سعودی یونیورسٹیوں کی فیڈریشن یونیورسٹی کے کھیلوں کی ذمہ دار ہے۔
انہوں نے کہا کہ ستمبر 2022 میں یونیورسٹی کے طلبہ میں یوگا کے کھیل کو متعارف کرانے کے لیے ایک لیکچر منعقد کیا گیا تھا اور ہم جو کچھ کر رہے ہیں وہ صرف اس منصوبے کی توسیع ہے جسے ہم نے سعودی یونیورسٹیوں کی ایسوسی ایشن کے ساتھ شروع کیا تھا۔
ریاض میں سعودی یونیورسٹیوں کی سپورٹس فیڈریشن کے زیر اہتمام “وطن کے کھیل کی حمایت میں یونیورسٹی کے کھیلوں کا کردار” کے سیشن میں ان کی شرکت کے بارے میں المروعی نے کہا کہ اس سیشن میں یونیورسٹیوں میں یوگا کا تعارف اور مشق کی اہمیت شامل تھی۔ یہ یونیورسٹی کے مرد اور خواتین ملازمین اور مرد اور خواتین طلبہ دونوں کے لیے صحت اور تندرستی کے لیے ہے۔ انہوں نے کہا کہ ’’ویژن 2030 ‘‘ کے حصول کے لیے سب سے اہم عناصر میں سے ایک کھیلوں کی سرگرمیوں میں شرکت کو بڑھانا ہے۔
انہوں نے یوگاسنا کے کھیل اور سعودی عرب میں پہلی چیمپئن شپ کی تنظیم پر بھی روشنی ڈالی۔ انہوں نے اس سلسلے میں سعودی یونیورسٹیوں کی سپورٹس فیڈریشن کی جانب سے یوگا کے کھیل کو سپورٹ کرنے کے لیے تعاون اور کوششوں کا ذکر کیا۔ جدہ میں یونیورسٹی آف بزنس اینڈ ٹیکنالوجی کا پہلا تربیتی کیمپ منعقد کیا گیا اور مشرق وسطیٰ میں یوگاسنا کے کھیل کے لیے اپنی نوعیت کی پہلی چیمپئن شپ منعقد کی گئی۔ اسی طرح دار الحکمہ یونیورسٹی نے ٹرینرز کے لیے تربیتی کورسز کی میزبانی کی۔
سعودی یوگا کمیٹی نے یونیورسٹی آف بزنس اینڈ ٹیکنالوجی اور دار الحکمہ یونیورسٹی دونوں کو کھیلوں کی سکالرشپس فراہم کیں ۔
انہوں نے یہ بھی بتایا کہ کمیٹی کا مقصد عام طور پر ہر قسم کے یوگا کھیلوں اور یوگاسنا کے کھیل میں ممتاز کھلاڑیوں کی صلاحیتوں کو تلاش کرنا ہے تاکہ ان کی صلاحیتوں کو نکھارا جا سکے اور انہیں مقامی اور بین الاقوامی ٹورنامنٹس میں حصہ لینے میں مدد فراہم کی جا سکے۔