وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں ملکی معیشت کے متعلق پری بجٹ بزنس کانفرنس آج ہوگی۔ وزیر اعظم شہباز شریف بھی کانفرنس میں شریک ہو کر شرکاء سے خطاب کریں گے۔
تفصیلات کے مطابق آج اسلام آباد میں ہونے والی پری بجٹ کانفرنس میں ملکی برآمدات اور کاروبار میں تیزی لانے سے متعلق امور زیرِ غور آئیں گے۔ بزنس کانفرنس کا مقصد ملک کو درپیش معاشی چیلنجز سے نمٹنے کی حکمتِ عملی تیار کرنا ہے۔
وزیر خزانہ نے مالیاتی ایمرجنسی کے امکان کو مسترد کر دیا
ملک بھر سے کاروباری برادری پری بجٹ بزنس کانفرنس میں شریک ہوگی۔ وزیر اعظم شہباز شریف کانفرنس سے خطاب بھی کریں گے جبکہ ملک بھر کی کاروباری برادری سے آئندہ 3 روز میں پیش کیے جانے والے بجٹ پر مشاورت بھی کی جائے گی۔
اس حوالے سے وفاقی وزیرِ اطلاعات و نشریات مریم اورنگزیب کا کہنا ہے کہ وزیر اعظم معاشی ترقی کیلئے اپنا ویژن کاروباری برادری کے سامنے رکھیں گے۔ بزنس کانفرنس سے خطاب کے دوران وزیر اعظم ملک کو درپیش معاشی چیلنجز پر روشنی ڈالیں گے۔
خیال رہے کہ وزیر اعظم شہباز شریف آج وفاقی کابینہ اجلاس کی صدارت بھی کریں گے جس کے دوران ملک کو درپیش معاشی مسائل بالخصوص بجٹ کی تیاری کے متعلق امور زیرِ غور آئیں گے اور ملک کی اقتصادی صورتحال اور توانائی بحران پر اہم فیصلے ہوں گے۔