کراچی کے ضمنی بلدیاتی الیکشن میں پیپلز پارٹی سب سے زیادہ نشستیں جیتنے میں کامیاب ہوگئی۔ انتخابات کے غیر حتمی و غیر سرکاری نتائج سے صورتحال واضح ہوگئی ہے۔
تفصیلات کے مطابق گزشتہ روز کراچی کے ضمنی بلدیاتی انتخابات کیلئے پولنگ صبح 8 بجے سے شام 5 بجے تک بلا تعطل جاری رہی۔ غیر حتمی و غیر سرکاری نتائج کے مطابق پیپلز پارٹی نے 11 میں سے 7یوسیز میں میدان مار لیا۔
عمران خان نے ہر حد عبور کرلی، مزید برداشت نہیں کریں گے، زرداری
بلدیاتی ضمنی انتخابات کے غیر حتمی و غیر سرکاری نتائج آنے کا سلسلہ گزشتہ شب سے شروع ہوگیا تھا۔ جماعتِ اسلامی نے 4 یوسیز جیت کر شہر کی دوسری بڑی جماعت ہونے کا اعزاز حاصل کر لیا ہے۔ دیگر سیاسی جماعتیں پیچھے رہ گئیں۔
حیدرآباد میں 4 یوسیز کے غیر حتمی و غیر سرکاری نتائج کے مطابق پیپلز پارٹی نے 2 جبکہ پی ٹی آئی نے 1 یوسی میں میدان مار لیا۔ ایک یوسی میں آزاد امیدوار کامیاب رہا جبکہ سیاسی تنازعے کے باعث ایک یوسی پر پولنگ کا عمل معطل کیا گیا۔
غیر حتمی و غیر سرکاری نتائج کے مطابق حیدر آباد میں وارڈز کی 9 میں سے 5 پر پیپلز پارٹی، 2 پر پی ٹی آئی جبکہ 2 پر آزاد امیدواروں نے کامیابی حاصل کی۔ سندھ کے دیگر شہروں میں زیادہ تر یوسیز اور وارڈز میں پی پی پی کامیاب رہی۔
شہرِ قائد کی کل 246 میں سے پیپلز پارٹی نے 98، جماعتِ اسلامی نے 89 جبکہ پی ٹی آئی نے 42 نشستوں پر کامیابی حاصل کی۔ ن لیگ نے 7، جے یو آئی نے 2 جبکہ ٹی ایل پی اور آزاد امیدوار نے 1، 1 نشست اپنے نام کر لی۔
الیکشن کمیشن آف پاکستان کی جانب سے تاحال 6 نشستوں کے نتائج سامنے نہیں لائے گئے۔ جماعتِ اسلامی نے مبینہ دھاندلی کے الزام کے تحت احتجاجی مظاہرہ اور شدید نعرے بازی کی۔ امیر جماعتِ اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمان کے مطابق 8 یوسیز میں دھاندلی ہوئی۔