کراچی:حسین لاکھانی ٹرسٹ اور ہسپتال کی جانب سے کیماڑی میں فری میڈیکل کیمپ کا انعقاد کیا گیا، میڈیکل کیمپ میں ماہر ڈاکٹرز نے مختلف امراض میں مبتلا مریضوں کا معائنہ کیا اور مفت ادویا ت بھی فراہم کی گئیں۔
فری میڈیکل کیمپ صبح چار بجے سے لیکر شام تک جاری رہا، سارا دن کیماڑی کے مختلف علاقوں سے مریضوں نے ماہر ڈاکٹر وں سے معائنہ کروایا، پاکستان تحریک انصاف کے رہنما و سربراہ بیت المال سندھ حنید لاکھانی اور رکن صوبائی اسمبلی پی ایس 113شاہنواز جدون نے فری میڈیکل کیمپ کا دورہ کیا۔
میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے حنید لاکھانی نے کہا کہ کیماڑی کے علاقے میں آبادی کے تناسب سے طبی سہولیات کی بہت کمی ہے، حسین لاکھانی ہسپتال کی جانب سے کراچی کے مختلف علاقوں میں فری میڈیکل کیمپ لگائے جاتے ہیں، فری میڈیکل کیمپ زیادہ تر ان علاقوں لگائے جاتے ہیں جہاں لوگوں کو معاشی طو ر پر مشکلات ہوتی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ کراچی کے ان علاقوں میں جہاں سہولیات کی کمی ہے وہاں کبھی صوبائی حکومت نے سہولیات فراہم کرنے کے بارے میں نہیں سوچا، پیپلز پارٹی نے بار بار یہاں کے لوگوں سے ووٹ لیئے لیکن یہاں کی ترقی کے لیئے کوئی کام نہیں کیا۔
انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی کی کوشش یہ ہے کہ لوگوں کوزیادہ سے زیادہ سہولیات فراہم کی جائیں اور ان کی محرومیوں کا خاتمہ کیا جائے، کیمپ کے دورے کے موقع پر رکن صوبائی اسمبلی شاہنواز جدون نے کہا کہ کیماڑی میں رہنے والے افراد صحت کے اخراجات برداشت نہیں کر سکتے۔
پاکستان تحریک انصاف کیماڑی کے لوگوں کو تعلیم، صحت اور دیگر سہولیات فراہم کرنے کی کوششیں کر رہی ہے، ماضی میں بننے والی حکومتوں نے کبھی بھی اس علاقے کے مسائل کو حل کرنے کی کوشش نہیں کی۔
کیماڑی سے ابھی بھی ایم پی اے پیپلز پارٹی کا ہے اور صوبے میں حکومت بھی پیپلز پارٹی کی ہے لیکن اس علاقے کے لوگ زندگی کی بنیادی سہولیات سے محروم ہیں، نہ تو پینے کا پانی یہاں کے لوگوں کو ملتا ہے اور نہ ہی سیوریج کا کوئی نظام ہے جبکہ تعلیم اور صحت کی سہولیات کا بھی فقدان ہے۔