کراچی کی سڑکوں کی ابتر صورتحال نے ایک مسیحا خاتون کی قیمتی جان لے لی۔
سوشل میڈیا پر وائرل اطلاعات کے مطابق ہمدرد یونی ورسٹی ہسپتال کی ڈاکٹر حنا گزشتہ دن بائیک میں سفر کے دوران کراچی کی سڑکوں کی ابتر صورتحال کا شکار ہوکر موت کے منہ میں چلی گئیں۔
سوشل میڈیا پر چلنے والی خبروں کے مطابق گزشتہ دن ڈاکٹر حنا بائیک پر منگھوپیر روڈ پر گھر سے ہسپتال آ رہی تھیں کہ سڑک کے ایک گڑھے میں اچانک بائیک اچھلنے سے وہ گر گئیں۔
اطلاعات کے مطابق اچھل کر بائیک سے گرنے کے بعد ڈاکٹر حنا کے سر پر شدید چوٹ آئی، انہیں علاج کے لئے اسپتال لے جایا گیا مگر وہ جانبر نہیں ہو سکیں اور ان کا انتقال ہو گیا۔
اس افسوس ناک واقعے کی تفصیل سامنے آنے کے بعد سوشل میڈیا پر غم و غصے کی لہر دوڑ گئی اور عوام کی بڑی تعداد نے افسوس کا اظہار کرتے ہوئے سندھ حکومت اور کراچی کی لوکل گورنمنٹ کی کارکردگی پر سوال اٹھایا اور کہا کہ ڈاکٹر حنا کا خون کس کی گردن پر ہوگا؟