مہنگائی کی چکی میں پسے عوام کے لیے ایک خوشخبری سامنے آئی ہے کہ ملک بھر میں بجلی سستی ہونے کا امکان ہے، جس سے لاکھوں گھریلو صارفین کو ریلیف مل سکتا ہے۔
حکومت نے آئندہ مالی سال کے لیے بجلی کے بنیادی نرخوں میں کمی کی تجویز پیش کر دی ہے، جس پر فیصلہ جلد متوقع ہے۔
پاور ڈویژن نے نیپرا کو یکساں قومی ٹیرف کے نفاذ کی درخواست دے دی ہے، جس پر سماعت یکم جولائی کو ہوگی۔
مجوزہ ٹیرف میں گھریلو صارفین کے لیے فی یونٹ اوسطاً 1 روپے 16 پیسے تک کمی کی سفارش کی گئی ہے، جس سے موجودہ بنیادی نرخ 48.84 روپے سے کم ہو کر 47.69 روپے فی یونٹ ہو سکتے ہیں۔
لائف لائن صارفین (50 یونٹ تک) کے لیے موجودہ ٹیرف 3.95 روپے فی یونٹ برقرار رکھا جائے گا، 51 سے 100 یونٹ کے لائف لائن صارفین کو بھی پرانا ریٹ 7.74 روپے فی یونٹ پر ہی برقرار رکھا جائے گا۔
پروٹیکٹڈ صارفین کے لیے 100 یونٹ تک کا ٹیرف 1.15 روپے کمی سے 10.54 روپے فی یونٹ تجویز کیا گیا ہے، 101 سے 200 یونٹس تک کا ریٹ 1.16 روپے کم کر کے 28.91 روپے فی یونٹ کرنے کی سفارش ہے جبکہ 300 یونٹس تک کے نرخ کو 33.10 روپے اور 400 یونٹس تک کو 37.99 روپے جبکہ 700 یونٹس سے زائد استعمال کرنے والوں کے لیے نرخ 47.69 روپے فی یونٹ مقرر کرنے کی تجویز ہے۔
نیپرا پہلے ہی آئندہ مالی سال کے لیے ڈیڑھ روپے فی یونٹ کی مجموعی کمی کی منظوری دے چکا ہے، اور اب یکساں ٹیرف کا تعین وفاقی حکومت کی منظوری سے مشروط ہے۔ اگر ان تجاویز پر عمل ہوا تو یہ فیصلہ نہ صرف غریب اور متوسط طبقے کے لیے بڑا ریلیف ہوگا بلکہ مہنگائی کی شدت میں کمی کا سبب بھی بن سکتا ہے۔