ویٹی کن: آرچ ڈایوسیس آف کراچی کے کاہن ریورنڈ فادر بینجمن مشتاق نے ویٹی کن میں پاپائے اعظم پوپ فرانسس سے خصوصی ملاقات کی، اس تاریخی ملاقات میں فادر بینجمن مشتاق نے پاکستانی ثقافت کی نمائندگی کرتے ہوئے پوپ فرانسس کو سندھی ٹوپی اور اجرک بطور نذرانہ پیش کیا۔
پوپ فرانسس نے یہ تحفہ نہایت محبت اور خوشی کے ساتھ قبول کیا اور پاکستان کیلئے خصوصی دعا اور نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔ ویٹی کن میں ہونے والی اس ملاقات میں امن، برداشت اور مسیحی برادری کے حقوق پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
جب فادر بینجمن مشتاق نے پوپ فرانسس کو سندھی ٹوپی اور اجرک پیش کی تو پوپ نے مسکراتے ہوئے اس تحفے کو پہنا اور پاکستان کی ثقافت، ورثے اور لوگوں کی محبت کا شکریہ ادا کیا۔
اس منظر کی تصاویر اور ویڈیوز سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئیں، جس میں پوپ فرانسس کو سندھی ٹوپی اور اجرک میں دیکھ کر پاکستانی عوام خصوصاً مسیحی برادری نے خوشی کا اظہار کیا۔
پوپ فرانسس نے ملاقات کے دوران پاکستان کے مسیحیوں کے لیے خصوصی برکت دی اور ان کی روحانی و سماجی ترقی کے لیے دعا کی۔انہوں نے زور دیا کہ پاکستان میں بین المذاہب ہم آہنگی اور مذہبی آزادی کے فروغ کے لیے چرچ اور عوام کو مل کر کام کرنا چاہیے۔
فادر بینجمن مشتاق کا شمار پاکستان کے ان نمایاں کاہنوں میں ہوتا ہے جو کمیونٹی کی روحانی اور سماجی ترقی کے لیے سرگرم رہتے ہیں۔
برطانیہ میں جنگ عظیم کے شہداء کے یوم یادگار پر پاکستانی خاتون پادری کی قیادت میں مارچ
انہوں نے کئی فلاحی منصوبوں میں کام کیا اور ہمیشہ پاکستان میں بسنے والے مسیحیوں کے مسائل کو اجاگر کرنے کے لیے اپنی آواز بلند کی۔ ویٹی کن میں پوپ فرانسس سے ان کی یہ ملاقات پاکستان میں مسیحی برادری کے لیے ایک حوصلہ افزا اور امید افزا پیغام لے کر آئی ہے۔
اس ملاقات کو نہ صرف پاکستان بلکہ بین الاقوامی سطح پر بھی بین المذاہب ہم آہنگی اور محبت کے ایک خوبصورت پیغام کے طور پر دیکھا جا رہا ہے۔