الیکشن 2024 کیلئے ووٹنگ کا عمل جاری ہے، ووٹنگ کا وقت ختم ہونے والا ہے، سوال یہ ہے کہ ووٹنگ کا وقت بڑھایا جائے گا یا نہیں، اس حوالے سے الیکشن کمیشن نے وضاحت جاری کر دی ہے۔
الیکشن کمیشن کے حکام کا کہنا ہے کہ ووٹنگ کا وقت شام 5 بجےتک برقرار رہے گا۔ تمام پولنگ اسٹیشنز کے دروازے شام 5 بجے بند کر دیے جائیں گے۔
الیکشن کمیشن کے حکام نے کہا ہے کہ 5 بجے تک پولنگ اسٹیشن کے احاطے میں موجود افراد ووٹ کاسٹ کر سکتے ہیں۔
الیکشن کمیشن کے حکام نے کہا ہے کہ الیکشن کے غیرحتمی اور غیرسرکاری نتائج 6 بجے کے بعد نشر ہوسکیں گے۔
واضح رہے کہ اس مرتبہ ملکی تاریخ کے سب سے زیادہ 17 ہزار 816 امیدوار میدان میں ہیں، 882 خواتین امیدوار اور 4 خواجہ سرا بھی جنرل نشستوں پر الیکشن لڑ رہے ہیں، قومی اسمبلی کے لیے5121 امیدوار میدان میں اترے ہیں۔
پنجاب اسمبلی کے لیے 6710، خیبر پختونخوا اسمبلی کے لیے 1834، بلوچستان اسمبلی سے 1237 اور سندھ اسمبلی کے لیے 2878 امیدوار مقابلے میں ہیں۔
عام انتخابات کے لیے ملک بھر میں 90 ہزار 675 پولنگ اسٹیشن قائم کیے گئے ہیں جس میں سے 27 ہزار 628 حساس اور 18 ہزار 437 کو انتہائی حساس قرار دیا گیا ہے۔