امریکا میں آج صدارتی انتخابات میں ووٹنگ جاری ہے اور تمام ریاستوں میں ووٹنگ کا عمل اختتام کی طرف گامزن ہے۔
صدارتی انتخابات میں ڈیموکریٹک امیدوار کملا ہیرس اور ری پبلکن امیدوار ڈونلڈ ٹرمپ کے درمیان کانٹے دار مقابلہ متوقع ہے۔
صدارتی انتخابات کے لیے ووٹنگ کا آغاز ہوتے ہی ڈونلڈ ٹرمپ کی سوشل میڈیا کمپنی ٹروتھ سوشل کے شیئرز کی قیمت میں بھی اضافہ ہوگیا ہے جبکہ اس کے علاوہ سوشل میڈیا پروپیگنڈے میں بھی ٹرمپ کمپین آگے دکھائی دیتی ہے۔
امریکی میڈیا کے مطابق ٹرمپ کی کمپنی ٹروتھ سوشل کے شیئرز کی قیمت میں منگل کی صبح 13 اور پیر کو 12 فیصد اضافہ ہوا۔
ٹرمپ کی سوشل میڈیا کمپنی ٹروتھ سوشل کو پچھلے ہفتے کے 3 دن بھاری نقصان ہوا تھا تاہم اب 2 دنوں کے دوران اس کے شیئرز کی قیمت میں 25 فیصد اضافہ ہوچکا ہے۔
خیال رہے کہ امریکا میں صدارتی انتخابات کے الیکشن کے دن کی ووٹنگ کا آغاز رات نیو ہیمپشائر میں ہوا اور پہلا ووٹ نیو ہیمپشائر کے ایک چھوٹے سے قصبے ڈکسوائل نوچ میں ڈالا گیا۔
غیر ملکی میڈیا کے مطابق ڈکسوائل نوچ میں کل 6 ووٹ رجسٹر تھے جن میں سے ڈونلڈ ٹرمپ اور کملا ہیرس دونوں کو 3،3 ووٹ پڑے اور اس طرح نیو ہیمپشائر کے ایک چھوٹے قصبے میں ڈیموکریٹ اور ری پبلکن امیدوار میں مقابلہ برابر رہا۔