پنجاب کا آئی جی 15 دن میں تبدیل کردیا گیالیکن سندھ کا نہیں کیا جارہا، بلاول بھٹو

موسم

قیمتیں

ٹرانسپورٹ

bilawal bhutto NA

گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں

اسلام آباد: چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ آئی جی سندھ کے معاملے سے لگتا ہے کہ وفاق نہیں چاہتا کہ سندھ میں کوئی اچھا کام ہو، پنجاب کا آئی جی 15 دن میں تبدیل کردیا گیا لیکن سندھ کا آئی کیوں تبدیل نہیں ہو رہا۔

قومی اسمبلی کے اجلاس میں شرکت کے بعد میڈیا سے بات کرتے ہوئے چیئر مین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو نے کہا کہ اسلام آباد کا آئی جی گھر بھیج دیا گیا، خیبر پختونخوا میں بھی آئی جی 24 گھنٹوں میں تبدیل ہوجاتا ہے ۔

بلاول بھٹو نے کہا کہ سندھ میں آئی جیز کی تبدیلی کے لیے ہم 5 نام دیتے ہیں اور آئی جی تبدیل نہیں ہوتا، پنجاب کا آئی جی 15 دن میں تبدیل کردیا گیا لیکن سندھ کا آئی کیوں تبدیل نہیں ہو رہا۔

انہوں نے کہا کہ جو قانون پنجاب، اسلام آباد اور کے پی میں چلاتے ہیں وہی قانون سندھ میں بھی لاگو کیا جائے، ایک پاکستان میں دو قوانین نہیں چل سکتے،سندھ میں آئی جی کی تبدیلی کا معاملہ طول پکڑنے سے وہاں کے عوام کا نقصان ہو رہا ہے۔

چیئرمین پی پی کا کہناتھا کہ وفاق کو جو نام بھیجے گئے وہ سینیارٹی کی بنیاد پر دیے گئے، ہم نے ذاتی ترجیح کی بنیاد پر کوئی نام نہیں بھیجا، ایک نام پر سمجھوتہ ہونے کے باوجود وفاق نے آئی جی سندھ تبدیل نہیں کیا جو میرے صوبے کیساتھ زیادتی ہے۔

یہ بھی پڑھیں: شہباز شریف نے برطانوی اخبار ڈیلی میل اور صحافی پر مقدمہ دائر کردیا

بلاول بھٹو زرداری کا کہنا تھا کہ عام آدمی کا اس ملک میں رہنا مشکل ہوگیا ہے، مہنگائی کے باعث عوام کا معاشی قتل کیا جارہا ہے، ارب پتیوں کے لیے ٹیکس ایمنسٹی اسکیم اور غریبوں پر ٹیکسز کا بوجھ رکھ دیا گیا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ حکومت جس طرح اپنی معاشی پالیسی چلا رہی ہے اس سے سخت ردعمل سامنے آسکتا ہے، ہرچیز کرکٹ میچ نہیں ہوتا، آج پھر پارلیمان کو کمزور کرنے کی کوشش کی گئی، قومی اسمبلی کا اجلاس روٹین سے ہٹ کر بلایا گیا۔

انہوں نے کہا کہ بے روزگاری اور مہنگائی پر بولنے کے لیے نہیں بلکہ آرڈیننس پیش کرنے کے لیے بلایا گیا، پارلیمنٹ کو آرڈیننس فیکٹری بنا دیا گیا ہے، پارلیمنٹ میں اتفاق رائے سے قانون منظور ہوتے ہیں لیکن موجودہ حکومت پارلیمان کو بے اختیار بنانا چاہتی ہے۔

Related Posts