حیدرآباد:متحدہ قومی موومنٹ پاکستان کی رابطہ کمیٹی کے رکن فیصل سبزواری نے کہا کہ ہم نے لاک ڈان کی بھرپور حمایت کی تھی اور ہم یہ سمجھتے ہیں کہ کرونا وائرس سے صرف احتیاط کے ذریعے بچا جا سکتا ہے لیکن لاک ڈان کے دواران پولیس کے اس رویہ کی ہم مذمت کرتے ہیں جس میں شہریوں کے ساتھ بالخصوص خواتین کے ساتھ تضحیک آمیز رویہ رکھا جا رہا ہے۔
فیصل سبزواری نے کہا کہ یہ اطلاعات بھی آرہی ہیں کہ بعض مقامات پر پولیس شہریوں کے ساتھ تشدد کر رہی ہے۔ان خیالات کا اظہار فیصل سبزواری نے بلدیہ اعلیٰ حیدرآباد کی جانب سے شروع کی جانے والی فیومیوگیشن مہم کے آغاز پر کیا۔
اس موقع پر رابطہ کمیٹی کے اراکین مسعود محمود،سہیل مشہدی،مئیر حیدرآباد طیب حسین،سندھ تنظیمی کمیٹی کے انچارج سلیم رزاق،زونل انچارج حیدرآباد ظفر صدیقی،اراکین قومی و صوبائی اسمبلی اور بلدیہ اعلیٰ حیدرآباد کے منتخب نمائندے بھی موجود تھے۔
فیصل سبزواری نے مزید کہا کہ ہم امید کرتے ہیں کہ حکومت سندھ راشن،غذائی اجناس کی تقسیم میں منصفانہ طریقہ کار اختیار کرے گی کیوں کہ اب تک جو اطلاعات آرہی ہیں اس میں امدادی اشیاء کی تقسیم کے دوران بڑے پیمانے پر شکایات موسول ہوئی ہیں۔
فیصل سبزواری نے حکومت سندھ سے مطالبہ کیا کہ امدادی اشیاء کی تقسیم کے عمل میں بلدیاتی نمائندوں کو شریک کیا جائے۔بعد ازاں حفاظتی کٹ سے آراستہ فیومیگیشن اسپرے اسکواڈ کا افتتاح کیا گیا۔