کراچی: لیاری جنرل ہسپتال میں ویکسین لگوانے آئے لوگوں پر پولیس کی جانب سے تشدد کیا گیا، جس کی پی ٹی آئی رہنماء خرم شیر زمان کی جانب سے شدید مذمت کی گئی ہے۔
خرم شیر زمان کا کہنا تھا کہ سندھ حکومت کے ناقص انتظامات کی وجہ سے عوام سڑکوں پر خوار ہورہی ہے، لیاری میں ویکسینیشن سینٹر کے باہر لوگوں پر پولیس کا ڈنڈوں سے تشدد قابل مذمت ہے۔
انہوں نے کہا کہ صوبے کا انیل کپور من پسند لوگوں کو ویکسین لگوارہا ہے، ویکسینیشن سینٹر پر ویکسین کی کمی کی ذمہ دار سندھ حکومت ہے، آئندہ عوام کو ویکسینیشن سرٹیفکیٹ کے لیے پریشان کیا جائیگا۔
خرم شیر زمان نے کہا کہ سندھ حکومت کی نااہلی کی وجہ سے ویکسینیشن مراکز کے باہر عوام کا رش ہے، سندھ حکومت نے عوام کے دلوں میں سم بند اور تنخواہیں نہ دینے کا خوف بٹھادیا ہے۔
پی ٹی آئی رہنما نے کہا کہ ویکسینیشن سینٹر کے باہر عوام کا ہجوم مزید وباء کو پھیلا سکتا ہے، ویکسینیشن کا عمل یوسی کی سطح پر کیا جائے، مراکز کے باہر عوام سندھ حکومت کو دل سے بد دعائیں دے رہی ہے۔
مزید پڑھیں: وفاقی حکومت عوام پر معاشی بوجھ ڈال رہی ہے، مرتضیٰ وہاب