اسلام آباد: پی ٹی آئی کے رہنماؤں اور کارکنان کے خلاف ملک گیر پکڑ دھکڑ اور کریک ڈاؤن کا سلسلہ جاری ہے،پولیس نے تحریکِ انصاف رہنما شہریار آفریدی کو بھی گرفتار کر لیا۔
تفصیلات کے مطابق اسلام آباد پولیس نے سابق وزیرِ مملکت شہریار آفریدی کو وفاقی دارالحکومت کے علاقے سیکٹر ایف 8 سے ایم پی او کے تحت گرفتار کر لیا۔
پی ٹی آئی رکنِ اسمبلی خرم شیر زمان کا ریسٹورنٹ سیل
گزشتہ روز پولیس نے پاکستان تحریک انصاف کے رہنما و سابق صوبائی وزیر فیاض الحسن چوہان کو پولیس نے حراست میں لے لیا۔
ذرائع کا اس حوالے سے کہنا تھا کہ پولیس نے فیاض الحسن چوہان کو مری روڈ لیاقت باغ سے حراست میں لیا ہے، فیاض الحسن چوہان کے خلاف 9 مئی کو تھانہ صادق آباد میں مقدمہ درج کیا گیا۔
پاکستان تحریک انصاف کے رہنماء فیاض الحسن چوہان پر جلاؤ گھیراؤ اور کارکنوں کو اکسانے، سکستھ روڈ میٹرو اسٹیشن جلانے اور توڑ پھوڑ کا بھی الزام ہے۔
تاحال تحریکِ انصاف کے درجنوں کارکنان اور متعدد رہنماؤں کو گرفتار کیا جاچکا ہے جن میں علی زیدی، فردوس شمیم نقوی، شاہ محمود قریشی، اسد عمر اور دیگر شامل ہیں۔
پی ٹی آئی چیئرمین عمران خان کو بھی گرفتار کیا گیا تھا، تاہم سپریم کورٹ کا فیصلہ سامنے آنے کے بعد پی ڈی ایم رہنماؤں نے گزشتہ روز سپریم کورٹ کے سامنے احتجاج کیا تھا۔