کراچی میں پولیس مقابلے کے دوران میجر سعد کو شہید کرنے والا ڈاکو زخمی حالت میں گرفتار ہوگیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق کیماڑی پولیس نے پولیس مقابلے کے دوران زخمی ڈاکو کو گرفتار کر لیا۔ ایس ایس پی کیماڑی کا کہنا ہے کہ ملزم کے دوسرے ساتھی کی گرفتاری کیلئے چھاپہ مار کارروائی کی جارہی ہے۔
ایس ایس پی کیپٹن (ر) فیضان علی نے مقدمے کی تفتیش کیلئے تشکیل دی گئی ٹیم کی قیادت کی جس نے 9روز مسلسل محنت اور جائے وقوعہ کے ملحقہ علاقوں کی سی سی ٹی وی فوٹیج کا تجزیہ کیا۔
شہرِ قائد کے علاقے سائٹ ایریا میں ملزم کی موجودگی کی اطلاع پر کارروائی کرتے ہوئے پولیس پارٹی ملزم کو پکڑنے کیلئے پہنچی تو ڈاکو نے پولیس اہلکاروں پر فائرنگ کی، جوابی فائرنگ سے زخمی ملزم جائے وقوعہ سے فرار نہ ہوسکا۔
پولیس کا کہنا ہے کہ ملزم کی شناخت عثمان عرف چٹیا کے نام سے ہوئی ہے جس کے قبضے سے آلۂ قتل برآمد کر لیا گیا ہے۔ ملزم نے تفتیش کے دوران میجر سعد شیخ کی مزاحمت پر فائرنگ کا اعتراف کر لیا۔
حکام کا کہنا ہے کہ واردات کے روز ملزم کے ہمراہ اس کا ساتھی الطاف بھی تھا۔ واردات کے دوران مزاحمت کرنے پر فائرنگ کی گئی۔ ملزمان اپنی موٹر سائیکل موقعے پر چھوڑ کر فرار ہوئے اور کچھ فاصلے پر راہگیر سے بھی موٹر سائیکل چھینی تھی۔