پولیس نے کراچی کے علاقے شاہ لطیف ٹاؤن سے اسٹریٹ کرائمز، چوری اور ڈکیتی میں ملوث 3 ملزمان کو گرفتار کر لیا ہے جن کی نشاندہی پر 23 موٹر سائیکلز برآمد کی گئیں۔
تفصیلات کے مطابق پولیس نے شاہ لطیف ٹاؤن سے شہری سے موبائل فون اور دیگر قیمتی اشیاء چھین کر فرار ہونے والے ملزمان کو پکڑ لیا۔ شہری نے چھینا جھپٹی کی واردات کی اطلاع کی تھی۔ پولیس نے ملزمان کو خفیہ اطلاع کی بنیاد پر ٹریس کرکے گرفتار کر لیا۔
گرفتار ملزمان کے قبضے سے اسلحہ، شہری سے چھینا گیا موبائل فون، شناختی کارڈ اور دیگر سامان برآمد کیا گیا۔ پولیس نے گزشتہ روز چھینی گئی موٹر سائیکل بھی تحویل میں لے لی۔ ملزمان سے تفتیش کی گئی جن کی نشاندہی پر 23 چھینی گئی اور چوری شدہ موٹر سائیکلز برآمد ہوئیں۔
کراچی پولیس کا کہنا ہے کہ برآمد کی گئی موٹر سائیکلز تھانہ لانڈھی، ڈیفنس، شاہ لطیف ٹاؤن اور عوامی کالونی سے چرائی اور چھینی گئی تھیں۔ گرفتار ملزمان نے موٹر سائیکلز بلوچستان لے جا کر فروخت کرنے کا اعتراف کر لیا۔ گرفتار ملزمان اسٹریٹ کرائمز اور ڈکیتیوں میں ملوث ہیں۔
قبل ازیں گرفتار ملزمان عمیر، غلام حسین اور محمد جان کا گروہ زیادہ تر رات کے اوقات میں موٹر سائیکلز چھینتا تھا۔ پولیس کے مطابق ملزمان پہلے بھی گرفتار ہو کر جیل جا چکے ہیں جن کا کریمنل ریکارڈ اکٹھا کیا جارہا ہے۔ واقعے کا مقدمہ درج کرکے برآمدہ اسلحہ فارنزک کیلئے روانہ کردیا گیا۔
خیال رہے کہ اِس سے قبل پولیس نے کراچی سے لوٹی گئی موٹر سائیکلز کے پرزے بلوچستان میں بیچنے والے گروہ میں شامل باپ اور بیٹے سمیت 3 ارکان کو گرفتار کر لیا جن کے 2 ساتھی فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے۔
گزشتہ ماہ کے دوران پولیس نے کراچی سے چھینی اور چوری کی گئی موٹرسائیکلز کے پرزہ جات کو بلوچستان میں بیچنے والے گروہ کے 3 کارندوں کو گرفتار کیا جس کیلئے سومارجوکھیو گوٹھ میں ایک کمپاؤنڈ پر چھاپہ مارا گیا۔
مزید پڑھیں: لوٹی گئی موٹر سائیکلز کے پرزے بلوچستان میں بیچنے والے باپ بیٹا گرفتار