کراچی پولیس نے شہر سے چھینے اور چوری کیے جانے والے موبائل فون بیرونِ ملک فروخت کرنے والے 2 ملزمان کو گرفتار کر لیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق ملزمان موبائل فونز چھیننے اور چوری کرنے کے بعد افغانستان، ایران اور بنگلہ دیش میں فروخت کرتے تھے۔ ایس ایس پی ملیر، عرفان بہادر کا کہنا ہے کہ ملزمان جرائم سے حاصل کیے گئے موبائل فونز کا کنٹرول کوڈ بدلنے میں ماہر ہیں۔
کلفٹن، بے نظیر پارک میں زبردستی انٹری فیس وصولی کا انکشاف
کراچی پولیس کی کارروائی، کرکٹ ورلڈ کپ پر جوے میں ملوث 9ملزمان گرفتار
ایس ایس پی ملیر عرفان بہادر کے مطابق پولیس نے ابراہیم حیدری، ریڑھی روڈ کے قریب خفیہ اطلاع کی بنیاد پر کارروائی کرتے ہوئے ملزمان کو گرفتار کیا اور ان کے قبضے سے 8 آئی فونز سمیت 13 قیمتی اسمارٹ فونز اور 1 لیپ ٹاپ برآمد کیا ہے۔
ملزمان کے قبضے سے ایک چھینی ہوئی موٹر سائیکل بھی تحویل میں لے لی گئی۔ پولیس کا کہنا ہے کہ موٹر سائیکل تھانہ ملیر سٹی کی حدود سے چھینی گئی۔ ملزمان کا کریمنل ریکارڈ چیک کیا جائیگا۔ گروہ کے دیگر ساتھیوں کے متعلق بھی معلومات حاصل کی جارہی ہیں۔
گرفتار ملزمان کے خلاف موبائل فون چوری کرکے بیرونِ ملک بیچنے پر مقدمہ درج کر لیا گیا۔ پولیس نے ملزمان کو مزید پوچھ گچھ کیلئے تفتیشی افسران کے حوالے کردیا۔ گرفتار ملزمان کی شناخت انور علی اور فرقان کے نام سے ہوئی۔