سرگودھا:تھانہ سیٹلائٹ ٹاؤن پولیس سرگودھا نے لاکھوں روپے مالیت کی ہیروئن سر گودھا سے لاہور اسمگل کرنے کی کوشش ناکام بناتے ہوئے خاتون اسمگلر کو گرفتار کر کے گاڑی سے بھاری مقدار میں ہیروئن برآمد کر لی۔
سیٹلائٹ ٹاؤن تھانے کی پولیس کو اطلاع ملی کہ ایک کار جس میں سوار خاتون صائمہ نور اس کو چلا رہی ہے،وہ لاکھوں روپے مالیت کی منشیات سرگودھا سے لاہور اسمگل کرنے کی کوشش کر رہی ہے۔
جس پر تھانہ سیٹلائٹ ٹاؤن پولیس کے ایس ایچ او کی سربراہی میں سب انسپکٹر محمد الیاس گوندل اور لیڈیز پولیس پر مشتمل ٹیم نے مخبری ہونے پر چک 46 شمالی قینچی موڑ کے قریب ناکہ بندی کر کے مذکورہ کار کو روک لیا۔
پولیس کے مطابق تلاشی کے دوران کار سے مجموعی طور پر پندرہ ہزار گرام ہیروئن برآمد کرلی گئی اور لیڈی پولیس کی طرف سے خاتون صائمہ نورین کی تلاشی لی گئی،اس دوران پولیس نے دیگر اشیاء بھی برآمد کرکے قبضے میں لے لیں اور خاتون اسمگلرکے خلاف مقدمہ درج کر لیا ہے۔
پولیس کے مطابق مزید تفتیش کی جارہی ہے،خاتون کا تعلق ایک بین الا ضلاعی منشیات فروش گروہ سے ہے اور مزید انکشافات کی توقع ہے۔