راولپنڈی میں نمونیا سے وفات پانے والی خاتون کو کورونا کی مریضہ قرار دینے کی کوشش

موسم

قیمتیں

ٹرانسپورٹ

گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں

راولپنڈی میں خاتون بحریہ ٹاؤن فیز 8 میں واقع بحری انٹرنیشنل ہسپتال کی طرف سے کورونا وائرس کی مریضہ قرار دینے کی کوشش کا انکشاف ہوا ہے جبکہ مبینہ طور پر تسکین نامی خاتون کی وفات نمونیا کے باعث ہوئی۔

تفصیلات کے مطابق راولپنڈی کے علاقے ڈھوک حکمداد کی رہائشی تسکین ملک نمونیا کے انفیکشن کے باعث آج صبح 8 بجے وفات پا گئیں جنہیں 3 روز قبل ان کے بیٹے ارسلان ملک نے نمونیا کے علاج کیلئے بحریہ ہسپتال میں داخل کروایا تھا۔ بحریہ ہسپتال انتظامیہ کے مطابق مرحومہ کورونا وائرس کی مریضہ تھیں تاہم ان کے اہلِ خانہ اس بات سے انکار کر رہے ہیں۔

ارسلان ملک نے اپنی والدہ کا کورونا وائرس کا ٹیسٹ اسلام آباد میں واقع معروف انٹرنیشنل ہسپتال سے کروایا تھا جس میں مرحومہ کا ٹیسٹ نیگیٹو آیا تاہم بحریہ ہسپتال کی انتظامیہ لواحقین کو میت دینے سے انکار کر رہی ہے۔ ارسلان ملک نے کہا ہے کہ میری والدہ طویل عرصے سے نمونیا کی مریض تھیں۔

مرحومہ کے بیٹے کے مطابق کوئی بھی ہسپتال میری والدہ کا علاج نہیں کر رہا تھا۔ بحریہ انٹرنیشنل ہسپتال نے علاج کی ہامی بھری۔ میں نے علاج سے قبل ان کا ٹیسٹ کروایا جس سے پتہ چلا کہ انہیں کورونا وائرس نہیں ہوا۔ میری والدہ وارڈ نمبر 1 میں داخل تھیں جنہیں کورونا وارڈ میں نہیں رکھا گیا تھا۔

ارسلان ملک نے کہا کہ مجھ سے سیکورٹی کی مد میں 1 لاکھ 50 ہزار روپے اور اگلے ہی روز کورونا وائرس کے علاج کے 2 لاکھ 20 ہزار روپے مزید وصول کیے گئے۔ والدہ کو میں نے 3 روز قبل ہسپتال میں داخل کرایا تھا۔ ہسپتال والوں نے کہا کہ ہم نے تین دن سے آپ کی والدہ کو آئی سی یو میں رکھا ہوا ہے۔

انہوں نے کہا کہ ہمیں ہماری والدہ سے ملنے نہیں دیا گیا۔ ہم نے سب بہن بھائیوں کے بھی ٹیسٹ کروائے جن کا نتیجہ منفی نکلا ہے۔ والدہ کے انتقال کے بعد انہیں کورونا وارڈ میں منتقل کردیا گیا اور ڈاکٹرز نے کہا کہ آپ کی والدہ کورونا وائرس کی مریضہ تھیں، اس لیے میت نہیں دے سکتے۔ آپ قبر کا بندوبست کریں۔

تسکین ملک کےبیٹے کے مطابق ہسپتال والے کہہ رہے ہیں کہ بلدیہ والے اور ہیلتھ کی ٹیم میت کو قبرستان لے جائے گی جہاں انہیں دفن کیا جائے گا۔ مجھے بتایا جائے کہ یہ کہاں کا انصاف ہے؟ ہسپتال والے مزید پیسوں کا مطالبہ بھی کر رہے ہیں۔ حکومت سے مطالبہ ہے کہ ہمارے ساتھ انصاف کیا جائے۔ 

Related Posts