اسلام آباد:مسلم لیگ (ن) کے اراکین کا ایک پارلیمانی گروپ اپنی جماعت کے تاحیات قائد نواز شریف سے ملنے اور پارٹی کے صدر شہباز شریف سے اہم معاملات پر مشاورت کے لیے لندن روانہ ہوگئے۔
مسلم لیگ (ن) کی ترجمان مریم اورنگزیب نے اس بات کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ مسلم لیگ (ن) کا وفد پارلیمانی معاملات پر قیادت کی رہنمائی حاصل کرے گا۔
دریں اثنا پارٹی کے ذرائع کے مطابق شہباز شریف کی سربراہی میں مسلم لیگ (ن) کی سینئر قیادت کا اجلاس جمعہ کو ہوگا۔خیال رہے کہ مسلم لیگ(ن) کے قائد نواز شریف خرابی صحت کے باعث علاج کے سلسلے میں لندن میں موجود ہیں جبکہ شہباز شریف ان کے ہمراہ وہاں ہیں۔
اس حوالے سے مسلم لیگ (ن) کے خیبرپختونخوا کے صدر امیر مقام کے ترجمان کا کہنا تھا کہ وہ صبح کے اوقات میں اسلام آباد سے لندن کے لیے روانہ ہوئے تاہم انہوں نے مزید بتایا کہ امیر مقام مسلم لیگ (ن) کے وفد سے علیحدہ اپنی طرف سے گئے ہیں۔
علاوہ ازیں مسلم لیگ (ن) کے ورکرز نے تصدیق کی کہ پارٹی کے لیے پارلیمانی مشاورت گروپ لندن روانہ ہوا اور اس گروپ میں مریم اورنگزیب، رکن قومی اسمبلی خواجہ آصف، رانا تنویر، سردار ایاز صادق اور سینیٹر پرویز رشید شامل تھے جبکہ پارٹی کے جنرل سیکریٹری احسن اقبال کی کل روانگی کا امکان ہے۔
مزید پڑھیں: نواز شریف اور ان کی ٹیم کی بے گناہی ایک ایک کر کے سامنے آرہی ہے،شہباز شریف