اسلام آباد: قومی اسمبلی میں قائدِ حزبِ اختلاف اور مسلم لیگ (ن) کے صدر شہباز شریف کی زیرِ صدارت زراعت سے متعلق اجلاس آج ہوگا جبکہ ن لیگ کابینہ کے اراکین اجلاس میں ویڈیو لنک کے ذریعے شریک ہوں گے۔
صدر مسلم لیگ (ن) شہباز شریف ملک کے شعبۂ زراعت سے متعلق اہم امور پر غور وخوض کیلئے ن لیگ کی سیاسی قیادت کے ساتھ تبادلۂ خیال کریں گے۔
قائدِ حزبِ اختلاف شہباز شریف آج دوپہر 2 بجے ہونے والے ویڈیو لنک اجلاس میں پارٹی کی مرکزی و صوبائی قیادت اور زرعی ماہرین سے خطاب کریں گے۔
اجلاس کے دوران ملک کی زرعی صورتحال پر تبادلۂ خیال کے ساتھ ساتھ قومی اسمبلی اور حکومت کو پیش کرنے کے لیے سفارشات مرتب کی جائیں گی۔
سابق وفاقی وزیر و ترجمان مسلم لیگ (ن) مریم اورنگزیب کے مطابق پارٹی کی تمام مرکزی و صوبائی قیادت اور متعلقہ ماہرین کو اجلاس میں حاضری یقینی بنانے کی تاکید کی گئی ہے۔