تحریکِ عدم اعتماد کیلئے پیپلز پارٹی کو گرین سگنل دینے پر ن لیگ 2 حصوں میں تقسیم

مقبول خبریں

کالمز

موسم

قیمتیں

ٹرانسپورٹ

تحریکِ عدم اعتماد کیلئے پیپلز پارٹی کو گرین سگنل دینے پر ن لیگ 2 حصوں میں تقسیم
تحریکِ عدم اعتماد کیلئے پیپلز پارٹی کو گرین سگنل دینے پر ن لیگ 2 حصوں میں تقسیم

لاہور: وزیرِ اعظم کے خلاف تحریکِ عدم اعتماد لانے کے معاملے میں پیپلز پارٹی کو گرین سگنل دینے پر پاکستان مسلم لیگ (ن) 2 حصوں میں تقسیم ہو گئی ہے۔

تفصیلات کے مطابق مسلم لیگ (ن) میں ارکان کی مخالفت کے باوجود پارٹی نے تحریک عدم اعتماد کے معاملے پر پیپلزپارٹی کی حمایت کا گرین سگنل دے دیا ہے، ذرائع نے دعویٰ کیا کہ ن لیگ کے حالیہ پارلیمانی کمیٹی کے اجلاس میں تحریک عدم اعتماد پر ارکان کی رائے لی گئی جس پر ارکان دو حصوں میں منقسم نظر آئے۔ 

کچھ ارکان تحریک عدم اعتماد کے حق میں نہیں تھے اور لانگ مارچ اور دھرنوں کے حامی تھے۔ذرائع کے مطابق مریم نواز کی زیر صدارت اجلاس میں نواز شریف کا پیغام بھی دیا گیا۔ پیغام کے مطابق نواز شریف پیپلزپارٹی کے ساتھ تعاون کے حق میں ہیں اور پیپلزپارٹی کے ساتھ کھڑے ہیں مگر اسٹیبلشمنٹ کے ساتھ کام کرنے پر تیار نہیں۔

باوثوق ذرائع کے مطابق آصف زرداری کی جانب سے نواز شریف کو یقین دہانی کرائی گئی ہے کہ تحریک عدم اعتماد کامیاب ہو جائے گی اور پی پی پی، ن لیگ اور دیگر اتحادیوں کے تعاون سے حکومت گرا دے گی۔ اس یقین دہانی کے بعد نواز شریف نے اپنی صاحبزادی مریم نواز کو پارٹی امور خود سنبھالنے اور پیپلزپارٹی کے ساتھ تعاون کی ہدایت کی۔

ذرائع کے مطابق نواز شریف نے پیپلزپارٹی کو واضع پیغام پہنچا دیا ہے کہ وہ پیپلزپارٹی کے ساتھ چلنے پر تیار ہیں مگر کسی ادارے کے ساتھ نہیں چلیں گے۔مسلم لیگ (ن) نے تحریک عدم اعتماد کے معاملے پر پیپلز پارٹی کا ساتھ دینے کا فیصلہ کر لیا ہے اور اس فیصلے سے پی ڈی ایم کے فروری میں ہونے والے سربراہی اجلاس میں باقی اتحادیوں کو بھی آگاہ کر دیا جائے گا۔

دوسری جانب سابق صدر آصف زرداری نے ثابت کر دیا کہ وہ سب پر بھاری ہیں۔ ذرائع کے مطابق پی ڈی ایم میں شامل اپوزیشن اتحاد کے رہنماؤں کے درمیان مشاورت چاہے کچھ بھی ہو مگر فیصلہ سابق صدر آصف زرداری کا ہی مانا جاتا ہے اور اتحاد میں شامل دوسری جماعتوں کو زرداری کے پیچھے چلنا پڑتا ہے۔

ذمہ دار ذرائع کے مطابق مسلم لیگ (ن) نے ضمنی انتخابات اور سینیٹ الیکشن میں حصہ لینے کے پیپلزپارٹی کے فیصلے پر لبیک کہہ دیا۔ سابق صدر آصف زرداری نے ن لیگ کے قائد نواز شریف کو یقین دہانی کروائی ہے کہ وہ حکومت گرانے میں کامیاب ہو جائیں گے اور ساتھ ہی نواز شریف کو ساتھ دینے کا بھی کہا جس کے بعد مسلم لیگ ن نے پیپلزپارٹی کے تمام فیصلوں کی تائید شروع کر دی ہے۔

آصف زرداری اپنی صاحبزادی بختاور بھٹو کی شادی سے فارغ ہو کر سیاسی سرگرمیاں شروع کردیں گے۔ذرائع کے مطابق آصف زرداری کو بھی کہا جا چکا ہے کہ اگر وہ اپنی نمبر گیم پوری کر لیں اور حکومت گرانے میں کامیاب ہو جائیں تو انہیں موقع دیا جائے گا اور اس ضمن میں کسی قسم کی مداخلت نہیں کی جائے گی۔

یہ بھی پڑھیں: وزیراعظم اپوزیشن کی تقسیم کے خواب دیکھنا بند کردیں، قمر زمان کائرہ

Related Posts