اسلام آباد: پاکستان مسلم لیگ (ن) نے وفاق میں حکومت نہ بنانے کا فیصلہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ ہمیں کانٹوں کا تاج سر پر سجانے کا شوق نہیں ہے۔
تفصیلات کے مطابق سابق وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق اور سابق وزیر میاں جاوید لطیف سمیت وفاق میں سب سے زیادہ نشستیں حاصل کرنے کی دعوے دار مسلم لیگ (ن) کے رہنماؤں نے اپنے حالیہ بیان میں تحریکِ انصاف کو مرکز میں حکومت سازی کی دعوت دی۔
سابق وفاقی وزیر خواجہ سعد رفیق نے کہا کہ تحریکِ انصاف کے حمایت یافتہ آزاد امیدوار حکومت سازی میں پہل کریں اور پیپلز پارٹی کے ساتھ مل کر مرکزی حکومت بنائیں۔ ن لیگ کو کانٹوں کا تاج سر پر سجانے کا کوئی شوق نہیں ہے۔
کچھ اسی قسم کا بیان ن لیگی رہنما جاوید لطیف کی جانب سے بھی سامنے آیا۔ جاوید لطیف نے کہا کہ جن کو مرکز میں اکثریت دلائی گئی، اسی جماعت کو حکومت بنانے کا موقع بھی دیا جائے۔ اس سے ملک میں انتشار پھیلانے کی منصوبہ بندی ناکام ہوسکتی ہے۔
لاہور میں ن لیگ کے اجلاس کی اندرونی کہانی سامنے آگئی۔ مرکزی قیادت نے نواز شریف کو حکومت نہ بنانے کا مشورہ دیا۔ جاوید لطیف کا کہنا ہے کہ جس دن فیصلہ کر لیا گیا، اگلے روز بتاؤں گا کہ دھاندلی کس کیلئے کی گئی؟ یہ بھی بتاؤں گا کہ 8فروری کا ماسٹر مائنڈ کون تھا؟
ن لیگی رہنماؤں کے اجلاس کے دوران لیگی رہنماؤں نے کہا کہ ہمیں مرکز میں حکومت کی بجائے اپنا فوکس پنجاب کی جانب کرنا ہوگا۔ پنجاب میں مسلم لیگ (ن) اور آزاد امیدواروں کی حکومت آسانی سے بنائی جاسکتی ہے۔