اسلام آباد: پاکستان مسلم لیگ نواز (پی ایم ایل این) نے اپنے اسلام آباد لانگ مارچ کے شیڈول میں معمولی تبدیلیاں کی ہیں جو اب 26 مارچ کو لاہور سے روانہ ہوگا۔
مسلم لیگ (ن) کی جانب سے جاری کردہ ایک نئے بیان میں لانگ مارچ کا نام بدل کر ’مہنگائی مکاؤمارچ‘ رکھ دیا گیا ہے۔ یہ فیصلہ مسلم لیگ ن کے صدر اور قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف شہباز شریف کی زیر صدارت اجلاس میں کیا گیا۔ اجلاس میں لانگ مارچ کی تیاریوں کا بھی جائزہ لیا گیا۔
اجلاس میں یہ بھی فیصلہ کیا گیا کہ 28 مارچ کو اسلام آباد پہنچنے والے لانگ مارچ کی قیادت مسلم لیگ ن کے رہنماء حمزہ شہباز شریف اور مریم نواز شریف کریں گے۔
مسلم لیگ (ن) کے بیان میں کہا گیا ہے کہ مسلم لیگ (ن) 26 مارچ کو دوپہر ایک بجے ماڈل ٹاؤن لاہور سے اسلام آباد کے لئے مارچ کا آغاز کرے گی۔ مارچ کے شرکاء گوجرانوالہ میں قیام کریں گے اور اگلے روز اسلام آباد پہنچنے سے قبل 27 مارچ کو راولپنڈی پہنچیں گے۔
شہباز شریف نے تمام پارٹی تنظیموں کو ہدایت کی کہ وہ عوام کی امنگوں پر پورا اترنے کے لیے لانگ مارچ کے بہترین انتظامات کو یقینی بنائیں۔ انہوں نے کہا کہ معاشی تباہی، بدترین مہنگائی اور بے روزگاری نے لوگوں کے گھر اور کاروبار تباہ کر دیے ہیں۔
مزید پڑھیں: غیر جمہوری شخص کا مقابلہ جمہوری طریقے سے کریں گے،بلاول بھٹو زرداری