لاہور: مسلم لیگ ن کی مرکزی نائب صدر مریم نواز نے مسلم لیگ (ن) کے سینئر رہنما خواجہ آصف کی گرفتاری پر رد عمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ حکومت کو خواجہ آصف کو چھوڑنا پڑے گا۔
مریم نواز نے پارٹی کے مشاورتی اجلاس کے بعد سنیئر رہنما خواجہ آصف کی گرفتاری پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ن لیگ اور پی ڈی ایم خواجہ آصف کی گرفتاری پر ردعمل کریں گے۔ حکومت کو خواجہ آصف کو چھوڑنا پڑے گا اور اگر ایسا نہ کیا تم پھر ہم انہیں بتا دیں گے۔
ن لیگ کی رہنما کا کہنا تھا کہ خواجہ آصف کو کہاگیا آپ نوازشریف کے بیانئے سے پیچھے ہٹ جائیں،کیسز پندرہ دن میں ختم کر دیے جائیں گے۔ خواجہ آصف نے مجھے کہ نوازشریف کیساتھ اوران کے بیانیے کیساتھ کھڑاہوں۔
انہوں نے کہا کہ خواجہ آصف کوگلی سے نیب نے گرفتار کیا۔ نیب نے دہشت گردوں کے طرح لوگوں کو گھروں سے اٹھالیا۔ قوم ایک بار پھر عدلیہ پر نظرجماکر بیٹھی ہے۔قوم کو عدلیہ سے انصاف کی پوری توقع ہے۔
مریم نواز کا کہنا تھا کہ سپریم کورٹ نے نیب کوسیاسی انجینئرنگ کا ادارہ کہا ہے۔ حکومت بہت بری طرح ڈر گئی ہے، اب شکست کے خوف کو سامنے رکھتے ہوئے ایسے اقدامات اٹھائے جارہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ میرے ساتھ موجود لوگ ظلم اور ہتھکنڈوں سے ڈرنے والے نہیں۔ میرے پاس پنجاب اسمبلی کے160 میں 149 استعفے آچکے ہیں۔انہوں نے کہ اس نالائق حکومت کو گھر بھیج کر دم لیں گے۔
پیپلز پارٹی کی سینٹر ایگزیکیٹیو کمیٹی میں اسمبلیوں سے مستعفی نہ ہونے کے فیصلے سے متعلق میڈیا رپورٹس پر سوال کا جواب دیتے ہوئے مریم نواز نے کہا کہ یہ سب ذرائع سے چلنے والی خبریں ہیں، جب تک پیپلز پارٹی اور ان کے چیئرمین بلاول بھٹو باضابطہ اعلان نہیں کرتے اس پر بات نہیں کروں گی۔