محکمہ موسمیات پاکستان نے کراچی سمیت سندھ، بلوچستان، خیبرپختونخوا، پنجاب اور شمالی علاقوں میں پیر 5 مئی سے بارش اور گرج چمک کے سلسلے کی پیش گوئی کر دی ہے۔
یہ سلسلہ چند دن تک جاری رہنے کا امکان ہے جس کے دوران تیز ہوائیں، ژالہ باری اور بجلی گرنے کے واقعات بھی متوقع ہیں۔
کراچی میں آج شام سے بارش، آندھی اور گرج چمک شروع ہونے کی پیش گوئی کی گئی ہے۔ شہر کا درجہ حرارت زیادہ سے زیادہ 37 ڈگری سینٹی گریڈ رہنے کا امکان ہے لیکن نمی کی زیادتی کے باعث موسم زیادہ گرم محسوس ہوگا۔
محکمہ موسمیات کے مطابق اتوار کے روز جامشورو، ٹنڈو محمد خان، بدین، ٹھٹھہ، شہداد کوٹ، حیدرآباد، مٹیاری، ٹنڈو الہٰیار، میرپور خاص، سانگھڑ اور شہید بے نظیر آباد سمیت کئی اضلاع میں ہلکی بارش کے ساتھ گرج چمک کی پیش گوئی ہے۔
عمرکوٹ، تھرپارکر، بدین، حیدرآباد، مٹیاری اور جامشورو میں بھی بارش کے امکانات ہیں۔ گوٹکی، سکھر، خیرپور، میرپور خاص اور ٹنڈو محمد خان کے مختلف علاقوں میں بکھری ہوئی بارش اور گرج چمک متوقع ہے۔
اس کے علاوہ اسلام آباد، پوٹھوہار ریجن، پنجاب، خیبرپختونخوا، گلگت بلتستان اور کشمیر کے مختلف حصوں میں بھی گرج چمک کے ساتھ بارش اور کہیں کہیں شدید ژالہ باری کی پیش گوئی کی گئی ہے۔
قومی آفات مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) اور صوبائی آفات مینجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) نے شہریوں کو ہدایت دی ہے کہ وہ اربن فلڈنگ، لینڈ سلائیڈنگ اور اچانک سیلابی ریلوں سے بچاؤ کے لیے احتیاطی تدابیر اختیار کریں۔
شدید موسمی صورتحال کے پیش نظر غیر ضروری سفر سے گریز کی تلقین کی گئی ہے، خاص طور پر ان علاقوں میں جو لینڈ سلائیڈنگ کا شکار ہو سکتے ہیں۔
محکمہ موسمیات نے واضح کیا ہے کہ تیز ہوا، ژالہ باری اور بجلی گرنے کے نتیجے میں کمزور عمارات کو نقصان پہنچنے کا خدشہ ہے۔ حالیہ طوفانی موسم کے دوران بجلی گرنے سے دو افراد جاں بحق اور 24 زخمی ہو چکے ہیں، جبکہ نو عمارات کو جزوی نقصان پہنچا۔