اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان کی جانب سے ایک بار پھر اس عزم کا اظہا کیا گیا ہے کہ ملک کے غریب عوام کیلئے سستے گھروں کی تعمیر کی راہ میں حائل رکاوٹیں دور کی جائیں گی۔
وزیراعظم عمران خان کے زیر صدارت قومی رابطہ کمیٹی برائے ہاؤسنگ کا اجلاس منعقد کیا گیا، اجلاس میں وفاقی وزرا، صوبوں کے چیف سیکرٹریز اور بینک حکام بھی شریک ہوئے۔ جنہوں نے وزیراعظم کو سستے گھروں کے لئے قرضوں کے معاملے پر تفصیلی بریفنگ دی۔
وزیراعظم کا اس موقع پر کہنا تھا کہ سستے گھروں کے منصوبے میں تیزی آنے والی ہے، اس کے راستے میں حائل رکاوٹیں دور کریں گے۔وزیر اعظم نے امید ظاہر کی کہ سستے گھروں کے منصوبے سے ملک میں روزگار کے مواقع بڑھیں گے،جبکہ پاکستان کی اکانومی دوبارہ مستحکم کرنے میں کامیاب ہو جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ سستے گھروں کے تعمیراتی کام سے 17 صنعتیں فوری بحال ہو جائیں گی۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز اقتصادی رابطہ کمیٹی اجلاس کے دوران نیا پاکستان ہاؤسنگ منصوبے کیلئے 33 ارب روپے سبسڈی کی منظوری دیدی گئی تھی۔مشیر خزانہ حفیظ شیخ کے زیر صدارت اقتصادی رابطہ کمیٹی (ای سی سی) کا اجلاس میں نیا پاکستان ہاؤسنگ منصوبے کیلئے 33 ارب روپے سبسڈی کی منظوری دی گئی۔ اس سال 4.77 ارب روپے خرچ کئے جائیں گے۔ وزارت خزانہ 3 سے 10 مرلے کے چھوٹے گھروں کی تعمیر پر سبسڈی دی جائے گی۔
پاک فوج کیلئے ڈیڑھ لاکھ میٹرک ٹن گندم فراہمی کی منظوری دی گئی، زرعی شعبے کیلئے کھاد پر 15.7 ارب روپے سبسڈی کی فراہمی کی منظوری بھی دی گئی۔دوسی جانب نیشنل کمانڈ آپریشن سینٹر اور سرکاری محکموں کیلئے نئے سسٹم، ای سی سی سال 2020ء کیلئے تمباکو کی کم از کم قیمت کی منظوری دیدی گئی۔
اس کے علاوہ قیمت کی منظوری پرائس اینڈ گریڈ رویژن کمیٹی کی سفارشات کی روشنی میں دی گئی۔ تمباکو کی قیمتیں 101 روپے سے 233 روپے کے درمیان مقرر کی گئیں۔ بلوچستان میں معدنیات کی ترقی کیلئے وفاقی حکومت کی معاونت پر بھی غور کیا گیا۔