اسلام آباد:وزیرِ اعظم پاکستان عمران خان نے 5 نکاتی ایجنڈے پر غور کیلئے وفاقی کابینہ کا اجلاس کل طلب کر لیا ہے جس کے دوران ملکی و سیاسی صورتحال پر گفتگو ہوگی۔
وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں قائم وزیرِ اعظم آفس میں ہونے والے وفاقی کابینہ اجلاس میں ملک کی سیاسی و معاشی صورتحال پر تبادلۂ خیال کیا جائے گا جبکہ اس دوران اقتصادی رابطہ کمیٹی (ای سی سی) کے 10 جون کے فیصلوں کی توثیق بھی کی جائے گی۔
کابینہ اجلاس کے ایجنڈے میں اسٹیٹ بینک آف پاکستان کے زیر سایہ کورونا وائرس فنڈ قائم کرنے کی توثیق بھی شامل ہے جبکہ کابینہ بچوں کے ایکٹ میں مزید ترامیم کی منظوری بھی دے گی۔
اجلاس کے دوران ملک بھر میں کورونا وائرس کے باعث نافذ لاک ڈاؤن اور دیگر اہم امور پر غور کیا جائے گا جبکہ وفاقی بجٹ 21-2020ء کے بعد معاشی صورتحال کا جائزہ بھی لیا جائے گا۔
یاد رہے کہ اس سے قبل وزیر اعظم عمران خان سے وزیر داخلہ اعجاز احمد شاہ کی ملاقات ہوئی، اس دوران وزیر داخلہ نے وزیر اعظم کو وزارت داخلہ اور اسکے مختلف محکموں کی گزشتہ 20 ماہ (اگست 2018 تا اپریل 2020) کی کارکردگی رپورٹ پیش کی۔
وزیر داخلہ نے5 روز قبل ملاقات کے دوران بتایا کہ اس دوران نیشنل انٹرنل سیکیورٹی کی جانب سے نیشنل ایکشن پلان کا احیاء کیا گیا۔ اس حوالے سے ماہرین پر مشتمل 14اعلیٰ سطح کی کمیٹیاں تشکیل دی گئی ہیں،جو مختلف امور سے متعلق ایک ماہ میں اپنی سفارشات پیش کریں گی۔
مزید پڑھیں: وزیر اعظم عمران خان سے وزیر داخلہ اعجاز احمد شاہ کی ملاقات